اگاسی کی نظر میں نڈال فیڈررسے بہتر

سنگاپور۔8مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) سابق عالمی نمبر ایک امریکی ٹینس اسٹار اینڈری اگاسی سے ٹینس تاریخ کے سب سے بہترین کھلاڑی کے انتخاب کے ضمن میں استفسار کیا گیا تو انہوں نے اسپین کے موجودہ نمبر ایک ٹینس اسٹار رافل نڈال کو گرانڈ سلام کے عالمی ریکارڈ یافتہ کھلاڑی راجر فیڈرر پر ترجیح دی ۔اگاسی نے ٹینس تاریخ میں اب تک کے سب سے بہترین کھلاڑی کیلئے نڈال کو منتخب کیا ہے اور اس ضمن میں میڈیا نمائندوں سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ ٹینس کا دور اس کھیل کے لئے ایک سنہری دور ہے

اور اس میں مسابقت اپنے عروج پر ہے اور اس دوران وہ نڈال کو فیڈرر سے بہتر سمجھتے ہیں ۔ سنگاپور کے ایک اخبار کو دیئے گئے انٹرویو میں اگاسی نے مزید کہا کہ وہ نڈال کو نمبر ایک مقام دیتے ہیں جب کہ فیڈرر نمبر دو کے مستحق ہیں ۔ اگاسی کا کہنا ہے کہ فیڈرر کے دور میں ان کے سخت حریف اینڈی راڈک اور للیٹن ہیوٹ تھے لیکن نڈال کو اپنے عہد میں فیڈرر کے علاوہ نواک جوکووچ اور اینڈی مرے جیسے خطرناک کھلاڑیوں کی موجودگی میں خود کو منوانا ایک اہم چیالنج تھا جس کو انہوں نے بخوبی انجام دیا ہے ۔ گرانڈ سلام کے اعتبار سے ماہرین فیڈرر کو نڈال سے بہتر قرار دیتے ہیں جیسا کہ فیڈرر نے تاحال 17گرانڈ سلام خطابات حاصل کئے ہیں جب کہ عالمی نمبر ایک نڈال کے نام 13گرانڈ سلام موجود ہیں لیکن دونوں کے درمیان کھیلے گئے مقابلوں میں نڈال 23-10 فتوحات کے ذریعہ بہت آگے ہیں ۔