اکیڈیمک انسٹرکٹرس کی بھرتی میں بے قاعدگیوں کی شکایت

نظام آباد:26؍ ستمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)اُردو میڈیم اکیڈیمک انسٹرکٹرس کی بھرتی میں ہوئی دھاندلیوں کیخلاف درخواست گذاروں نے زبردست احتجاج کرتے ہوئے فوری بھرتیوں کو بند کرنے کی خواہش کی۔ تفصیلات کے بموجب حکومت کی جانب سے اساتذہ کی بھرتی میں ہونے والی تاخیر طلباء کو نقصان سے بچانے کیلئے اُردو اکیڈیمک انسٹراکٹرس کی112 جائیدادوں پر بھرتی کیلئے 10؍ ستمبر کے روز درخواستیں طلب کرنے پر کئی افراد نے درخواست گذاری کی تھی اور 13 ؍ ستمبر درخواست گذاری کی آخری تاریخ تھی حکومت نے 5 ہزار روپئے تنخواہ پر راجیو ودیا مشین کے ذریعہ ان جائیدادوں کی بھرتی عمل میں لانے کیلئے درخواستیں طلب کرنے پر ڈی ایڈاور بی ایڈ کامیاب افراد نے مستحق افراد کا تقرر کرنے کے بجائے قواعد کو نظر انداز کرتے ہوئے بھرتی کرنے پر درخواست گذاروں نے ڈی ای او آفس کے روبرو احتجاج کرتے ہوئے ان بھرتیوں کو منسوخ کرتے ہوئے دوبارہ قواعد کے مطابق بھرتی کرنے کا مطالبہ کیا۔ بھرتی کردہ افراد کو 7؍ اکتوبر کے روز رپورٹ کرنا ہوگا۔ لہذا اس سے قبل اس کی مکمل تحقیقات کرتے ہوئے جنگی خطوط پر مستحق افراد کو بھرتی کرنے کا مطالبہ کیا۔

نظام آباد کے عازمین حج کی روانگی
نظام آباد:26؍ ستمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)مولانا سید ولی اللہ قاسمی صدر حج سوسائٹی نظام آباد کے بموجب 27؍ ستمبر بروز ہفتہ ضلع نظام آباد کے عازمین حج کا آخری قافلہ جو 62 حاجیوں پر مشتمل ہے انشاء اللہ بعد نماز عشاء ٹھیک 9:30 بجے بمقام کنگس پیالیس فنکشن ہال قلعہ روڈ سے روانہ ہوگا۔ مولانا نے عامتہ المسلمین سے اس موقع پر دعا میں شرکت کی خواہش کی ہے۔