اکھیلیش کا اعلیٰ سطحی عہدیداروں کے ساتھ اجلاس

لکھنؤ ۔ 10 جون (سیاست ڈاٹ کام) اترپردیش کے وزیراعلیٰ اکھیلیش یادو جنہیں ریاست میں لاء اینڈ آرڈر کے فقدان پر شدید تنقیدوں کا سامنا ہے، نے آج ریاست کے اعلیٰ سطحی عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کیا اور واضح کردیا کہ حکومت کو ریاستی انتظامات اور پولیس سے فرائض کی انجام دہی میں جو توقعات وابستہ تھیں، ان کی تکمیل نہیں کی گئی۔ اکھیلیش یادو نے تمام ڈیویژنل کمشنرس، ڈسٹرکٹ مجسٹریٹس، آئی جی پولیس، ڈی آئی جی پولیس اور ڈسٹرکٹ پولیس سربراہان کے علاوہ دیگر اعلیٰ سطحی سرکاری عہدیداروں کو اجلاس میں طلب کیا تھا۔ اس موقع پر اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے چیف سکریٹری الوک رنجن نے بتایا کہ وزیراعلیٰ نے اپنے خطاب کے دوران لاء اینڈ آرڈر پر زیادہ زور دیا اور شکایتی انداز اپناتے ہوئے یہ بھی کہہ ڈالا کہ حکومت کو محکمہ پولیس سے جو توقعات وابستہ تھیں، پولیس نے انہیں مایوس کیا۔ مسٹر رنجن نے کہا کہ اجلاس کے دوران عہدیداروں نے وزیراعلیٰ کو اپنے خیالات اور نظریات سے واقف کروایا ۔