اکھیلیش اور ماویاتی کے دورۂ کرناٹک پر بی جے پی کی تنقید

لکھنؤ۔ 28 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) اُترپردیش بی جے پی ترجمان راکھیش ترپاٹھی نے سماج وادی پارٹی لیڈر اکھیلیش یادو اور بہوجن سمام پارٹی صدر مایاوتی کے دورۂ کرناٹک کو محض ’’سیاسی سیاحت‘‘ سے تعبیر کیا ہے اور انہوں نے دعویٰ کیا ہے کہ برخلاف اس کے اترپردیش عوام ، بی جے پی چیف منسٹر یوگی ادتیہ ناتھ کے دورہ کے متمنی ہیں اور اس سے بڑی حد تک پارٹی کو بھی فائدہ پہنچ سکتا ہے۔ ترپاٹھی نے الزام لگایا ہے کہ دونوں لیڈرس کے دورہ کا مقصد ذات پات کی سیاست کو بڑھاوا دینا اور صرف سیاسی سیاحت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دونوں پارٹیوں کے انضمام کے بعد نہ تو ان کی کوئی پارٹی تنظیم ہے اور نہ ہی ڈسپلین اور دونوں پارٹیوں کا منبع صرف اترپردیش ہے جبکہ یہ لوگ کرناٹک میں اپنے قدم جمانے کا خواب دیکھ رہے ہیں۔ بی جے پی کی ترجمان کا کہنا ہے کہ پارٹی کے بانی ممبرس خود بی ایس پی چھوڑ کر جارہے ہیں جبکہ پارٹی کی بقاء خود داؤ پر لگی ہوئی ہے۔ ترپاٹھی نے کہا کہ جب سے اکھیلیش یادو نے اپنے والد ملائم سنگھ یادو کی جگہ پارٹی صدارت سنبھالی ہے، سماج وادی پارٹی کمزور پڑگئی ہے۔ سماج وادی پارٹی صرف مقامی پارٹی ہے اور اس کے صدر کا دورۂ کرناٹک دورہ صرف فلاپ شو ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ یوگی ادتیہ ناتھ چیف منسٹر بننے کے بعد سارے ملک میں وہ اپنا اثر و رسوخ رکھتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ جو بھی ریاست میں الیکشن ہورہے ہیں، وہاں یوگی ادتیہ ناتھ کی ضرورت پڑ رہی ہے۔ بی جے پی ترجمان کے مطابق یوگی ادتیہ ناتھ زعفرانی پارٹی کے کم و بیش 35 ریالیز اور روڈ شوز کو مخاطب کریں گے۔ خاص طور پر ساحلی کرناٹک جہاں پر ناتھ طبقہ کی قابل لحاظ تعداد موجود ہے، وہ پارٹی مہم چلائیں گے۔ بی جے پی ترجمان شلپ منی ترپاٹھی کے مطابق یوگی 3 مئی سے کرناٹک کا طوفانی دورہ کریں گے اور 7 تا 10 مئی کے درمیان پر ہر روز ریالیٹیز کا اہتمام کریں گے۔