9 منسٹرس آف اسٹیٹ کے قلمدان بھی واپس لے لئے گئے :ہفتہ کو نئے وزرا کا حلف
لکھنو 29 اکٹوبر ( سیاست ڈاٹ کام ) چیف منسٹر اتر پردیش نے آج پانچ کابینی اور تین منسٹر آف اسٹیٹ وزرا کو برطرف کردیا جبکہ انہوں نے نو منسٹر آف اسٹیٹ کے قلمدان واپس لے لئے ہیں۔ انہوں نے ریاستی کابینہ میں امکانی رد و بدل سے قبل یہ بڑے فیصلے کئے ہیں۔ جن وزرا کو کابینہ سے برطرف کیا گیا ہے ان میں راجا مہیندر اریدامن سنگھ ( اسٹامپ اینڈ کورٹ فیس ‘ سیول ڈیفنس ‘ رجسٹریشن ) امبیکا چودھری ( بہبودی پسماندہ طبقات ) ‘ شیو کمار بیریا ( ٹیکسٹائیل و سیری کلچر ) ‘ نرد رائے ( کھادی و ولیج انڈسٹریز ) ‘ اور شیو کانت اوجھا ( فنی تعلیم ) شامل ہیں۔ جن منسٹرس آف اسٹیٹ کو برطرف کیا گیا ہے ان میں آلوک کمار شاکیہ ( فنی تعلیم ) ‘ یوگیش پرتاپ سنگھ عرف یوگیش بھیا ( بنیادی تعلیم ) ‘ اور بھگوت شرن گنگوار ( ایم ایس ایم ای ‘ ایکسپورٹ پروموشن ) شامل ہیں۔ راج بھون کے ایک ترجمان نے بتایا کہ چیف منسٹر کی سفارش پر گورنر نے پانچ کابینی وزرا اور تین منسٹرس آف اسٹیٹ کو کابینہ سے بیدخل کردیا ہے ۔ ترجمان نے بتایا کہ نئے وزرا کو 31 اکٹوبر کو حلف دلایا جائیگا ۔ اس کے علاوہ وزیر صحت احمد حسن اور متنازعہ فوڈ و سیول سپلائز وزیر رگھوراج پرتاپ سنگھ عرف راجہ بھیا کے قلمدان بھی واپس لے لئے گئے ہیں۔ واضح رہے کہ اتر پردیش میں انتظامی مسائل پر خود سماجوادی پارٹی سربراہ ملائم سنگھ یادو ریاستی حکومت پر بالواسطہ طنز کرتے رہے ہیں۔ ریاست میں لا اینڈ آرڈر کے مسئلہ پر بھی اپوزیشن جماعتوں اور بعض موقعوں پر خود ریاستی گورنر رام لال کی جانب سے اکھیلیش یادو حکومت کو تنقیدوںکا نشانہ بنایا جا تا رہا ہے ۔