لکھنؤ۔/4جولائی، ( سیاست ڈاٹ کام ) سابقہ اکھلیش یادو اقتدار کے دوران بنائی گئی سیکل ٹریکس کا استعمال عنقریب ختم ہوسکتا ہے کیونکہ موجودہ ریاستی حکومت نے یہ ٹریکس ختم کردینے کا ارادہ ظاہر کیا ہے۔ یہ ٹریکس اُتر پردیش کے متعدد اہم سڑکوں میں بنائے گئے ہیں۔ ایمبولنس گاڑیوں اور سرکاری اسکیمات سے ’ سماجوادی‘ کا لفظ حذف کرنے کے بعد یوگی آدتیہ ناتھ حکومت نے اب اپنی توجہ سیکل ٹریکس کی طرف مرکوز کرلی ہے۔ وزیر شہری ترقیات سریش کمار کھنہ نے آج نیوز ایجنسی پی ٹی آئی کو بتایا کہ ریاست بھر میں ہم یہ سیکل ٹریکس ہٹادیں گے جو زیر استعمال نہیں ہیں اور ٹریفک جام کا سبب رن رہے ہیں۔ انھیں ختم کرنے کا عمل عنقریب بریلی سے شروع کیا جائے گا۔ اتفاق سے ’ سیکل‘ سماجوادی پارٹی کا انتخابی نشان ہے، جس نے پانچ سال ریاست پر حکمرانی کی یہاں تک کہ اُسے بی جے پی کی زبردست لہر نے اسمبلی انتخابات کے دوران اقتدار سے بیدخل کردیا اور زعفرانی پارٹی اور اس کے حلیفوں کو 403 رکنی ایوان میں تین چوتھائی اکثریت کے ساتھ مضبوط اقتدار حاصل ہوا۔