بنارس۔ 27فروری (یو این آئی) مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے وزیر اعلی اکھلیش یادو کی ترقی کے دعوؤں کو کھوکھلا قرار دیتے ہوئے کہا کہ اترپردیش میں "غریبوں کے لئے کام کرنے والی” بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی حکومت بننے کی پوری امید ہے ۔انہوں نے کہا کہ پانچ مراحل کی پولنگ کا رجحان تبدیلی کا صاف اشارہ دے رہا ہے اور انہیں مرکز کی طرح اتر پردیش میں بھی "غریبوں کے لئے کام کرنے والی” بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) اتحاد کی حکومت بننے کی پوری امید ہے ۔وزیر اعظم نریندر مودی کے پارلیمانی حلقہ بنارس میں مختلف انتخابی جلسوں میں حصہ لینے پہنچنے والے مسٹر راجناتھ سنگھ نے آج نامہ نگاروں سے کہا کہ پانچ مراحل میں ہونے والی پولنگ سے صاف ہو گیا ہے کہ ریاست میں بی جے پی کی حکومت بننے سے کوئی روک نہیں سکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت نے اتر پردیش کو جتنی رقم دی ہے ، اتنی کسی بھی ریاست کو کبھی نہیں دی گئی۔ مسٹر اکھیلیش یادو کو سوچنا چاہئے کہ ترقی کے لئے سب سے زیادہ رقم دینے کے باوجود آخر ملک کی سب سے بڑ ی ریاست ترقی کی دوڑ میں کیوں پچھڑ گئی۔ مرکزی حکومت کی فلاحی اسکیموں کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بی جے پی اتحاد کی حکومت نے غریبوں کے لئے ہر محاذ پر کام کیا ہے ۔ غریبوں کی معاشی ترقی کے لئے جن دھن یوجنا، مدرا یوجنا ، مفت رسوئی گیس کنکشن یا پھر کسانوں کے لئے وزیر اعظم فصل بیمہ یوجنا، یہ تمام منصوبے لوگوں کی زندگی بہتر بنانے کے مقصد سے لائی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسٹر اکھیلیش یادو جس لکھنؤ میٹرو کی تعمیر کا کریڈٹ لے رہے ہیں، اس میں مرکزی حکومت کی 80 فیصد شراکت رہی ہے ۔انہوں نے سماج وادی پارٹی کے انتخابی نعرے "کام بولتا” کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ کام زمینی سطح پر بھی نظر آنا چاہئے ۔ عوام جانتے ہیں کہ مسٹر یادو کی ترقی کے دعوؤ ں میں کوئی حقیقت نہیں ہے ۔ عوام انتخابات میں ان کے بہکاوے میں نہیں آنے والے ہیں۔ حقیقت یہ ہے کہ ریاست میں قومی شاہ راہوں کی تعمیر کا کام مرکز کی اٹل بہاری واجپئی حکومت کے وقت سب سے زیادہ ہوا تھا، لیکن ایس پی ترقیاتی کاموں کا کریڈٹ سیاسی فائدہ لے رہی ہے ۔