لکھنؤ۔ 5 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) بی ایس پی کی سربراہ مایاوتی نے اکھلیش یادو کی جانب سے سائیکل کے استعمال کی حوصلہ افزائی کا مذاق اُڑایا اور حسب معمول ایس پی کے چیف منسٹر نے بروقت ان کے ریمارک کا جواب دیا۔ مایاوتی نے یہاں ایک پریس کانفرنس میں سوال کیا تھا کہ ’’اکھلیش کے پاس کرنے کیلئے کوئی کام نہیں ہے اور اگر وہ سائیکل نہیں چلائیں گے تو کیا کریں گے‘‘، لیکن اکھیلیش نے فوری جوابی ریمارک کیا اور کہا کہ ’’سائیکل سواری صحت کیلئے بہت اچھی ہے اور انہیں (مایاوتی کو) یہ جان لینا چاہئے۔ اکھلیش نے کہا کہ ان (مایاوتی) کے پاس موضوع بنانے کیلئے کوئی اہم مسئلہ ہی نہیں ہے چنانچہ وہ معمولی باتوں کو مسئلہ بنارہی ہیں۔ چیف منسٹر یادو نے جو یہاں ایک پروگرام میں شرکت کیلئے پہونچے تھے، مایاوتی کو طنز و تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ریاست کے عوام نے ہمیں پانچ سال حکمرانی کا موقع دیا ہے اور ان (مایاوتی) کے پاس کوئی موضوع باقی نہیں رہا ہے۔ سائیکل صرف کسی فرد واحد کی بات نہیں ہے بلکہ بوڑھے، جوان اور بچے سب ہی سائیکل استعمال کرتے ہیں۔ سائیکل رانی صحت کیلئے اچھی ہے۔