ہردوار ۔ یکم مئی (سیاست ڈاٹ کام) اترپردیش کے ایک وزیر نے کہا ہے کہ یوگی ادتیہ ناتھ حکومت کے لئے کسان ترجیح کا معاملہ ہے جبکہ اُن کے پیشرو اکھلیش یادو کی ترجیح قصاب ہیں۔ اکھلیش حکومت کو کسانوں کے لئے کچھ بھی نہ کرنے کا مورد الزام ٹھہراتے ہوئے ریاستی وزیر آبپاشی دھرم پال سنگھ نے گزشتہ روز یہاں اخبار نویسوں کو بتایا کہ سابقہ حکومت نے صرف قصابوں کے مفادات کے تحفظ کا کام کیا اور وہ مسالخ کھلے چھوڑ دیئے جو غیر قانونی طور پر چلائے جارہے تھے۔ وزیر موصوف اترپردیش اور اتراکھنڈ کے درمان آبپاشی اثاثوں کی منتقلی کے بارے میں یہاں ریاستی محکمہ آبپاشی کے عہدیداروں کے ساتھ میٹنگ منعقد کرنے کے بعد میڈیا والوں سے مخاطب تھے۔ انھوں نے دونوں ریاستوں کو برادران قرار دیتے ہوئے کہاکہ اُن کے درمیان اثاثہ جات کی منتقلی کا نسئلہ اُس وقت سے معرض التواء تھا جب 2000 ء میں اترپردیش سے اترکھنڈ کی تشکیل عمل میں آئی تھی۔ تاہم اب یہ معاملہ پرامن طور پر نمٹ جائے گا۔