اکھلیش اپنی پارٹی کی فکرکریں : یوپی وزیر

بریلی 7 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) سماج وادی پارٹی قومی صدر اکھلیش یادو پر تنقید کرتے ہوئے اترپردیش کابینی وزیر سریش کھنہ نے کہاکہ ریاستی اسمبلی انتخابات میں شکست کے بعد سابق چیف منسٹر کو اپنی پارٹی کے بارے میں فکر کرنی چاہئے۔ اُنھوں نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ اکھلیش یادو کو غلط بیان بازی کے بجائے اپنی پارٹی کی فکر کرنی چاہئے۔ بی جے پی کام اور جمہوریت پر یقین رکھتی ہے۔ اُنھوں نے اکھلیش پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ آدتیہ ناتھ حکومت کے خلاف پروپگنڈہ کے ذریعہ سیاسی فائدہ حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ اترپردیش کے وزیر شہری ترقیات سریش کھنہ نے کہاکہ 2012 ء اسمبلی انتخابات میں اکھلیش کو 224 نشستیں وراثت میں ملی تھیں۔ 2017 ء انتخابات میں وہ اسے برقرار نہیں رکھ سکے۔ ان کی پارٹی صرف 47 نشستوں تک محدود رہ گئی۔ اُنھوں نے کہاکہ اکھلیش کو اُس آئینے سے سبق سیکھنا چاہئے جو عوام نے اُنھیں دکھایا ہے۔ یوپی قانون ساز کونسل کے 4 ارکان (ایس پی اور بی ایس پی) کے استعفیٰ کے بارے میں اُنھوں نے کہاکہ یہ قائدین اپنی اپنی پارٹیوں میں گھٹن محسوس کررہے تھے اور وہ اپنی مرضی سے بی جے پی میں شامل ہوئے ہیں۔ سریش کھنہ نے کہاکہ جب تک تمام ریاستوں میں بی جے پی حکومت نہیں ہوتی ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ اُنھوں نے پارٹی کارکنوں کو مشورہ دیا کہ وہ ایس پی اور بی ایس پی کارکنوں کی طرح طرز عمل اختیار نہ کریں۔ اُنھوں نے کہاکہ ملک اُسی وقت ترقی کرے گا جب ہر ریاست میں بی جے پی حکومت ہوگی۔