کولکاتا ، 29 جون (سیاست ڈاٹ کام) بی سی سی آئی حکام کے دباؤ پر انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) میں پاکستانی کھلاڑیوں کو نہ خریدنے والے فرنچائز مالکان نے ہندوستانی حدود سے باہر پاکستانی کھلاڑیوں کو اپنی ٹیموں کیلئے خرید لیا ہے۔ ہندوستانی کرکٹ کے سرمایہ کار کریبین پریمیر لیگ (سی پی ایل) میں بھی شامل ہیں جہاں انہوں نے پاکستانی کھلاڑیوں کے ساتھ کسی قسم کی ناپسندیدگی کا اظہار نہیں کیا۔ اس لیگ میں جو آج شروع ہورہی ہے، انڈین فرنچائز مالکان نے بالی ووڈ اسٹار شاہ رخ خان کو بھی شامل کیا ہے۔ رواں سال فروری میں منعقدہ نیلامی میں چار پاکستانی کھلاڑیوں سہیل تنویر، شعیب ملک، عمراکمل اور عماد وسیم کو خریدا گیا۔ پاکستانی کھلاڑیوں کو خریدنے والی چاروں ٹیموں کی جڑیں ہندوستان سے ملتی ہیں۔ عمر اکمل اور شعیب ملک کے فرنچائز مالکان کے پاس آئی پی ایل کی بھی دو ٹیمیں ہیں۔ سی پی ایل میں بڑے پیمانے پر ہندوستانی سرمایہ کاری گزشتہ سال دیکھنے میں آئی تھی جب ہندوستان کی سب سے بڑی موٹرکمپنی ہیرو موٹو کارپوریشن لمیٹڈ نے لیگ کے ساتھ ٹائٹل اسپانسرشپ معاہدہ کیا تھا جس کو اب 2018ء تک وسعت دی گئی ہے۔ شعیب ملک بارباڈوس ٹریڈنٹ کیلئے کھیلیں گے جس کو اَرب پتی وجئے مالیا نے خریدا ہے۔