ملبورن۔ 22؍دسمبر (سیاست ڈاٹ کام)۔ ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے بائیں ہاتھ کے اُبھرتے اسپنر اکشر پٹیل کو آج آسٹریلیا کے خلاف رواں سیریز کے مابقی دو مقابلوں کے لئے ٹیم میں زخمی رویندر جڈیجا کے متبادل کے طور پر شامل کیا گیا ہے، کیونکہ جڈیجا کندھے کے زخم میں مبتلا ہیں۔ بی سی سی آئی کی جانب سے جاری کردہ میڈیا ریلیز کے بموجب اکشر پٹیل آسٹریلیا میں موجود ہندوستانی ٹیم میں شمولیت اختیار کرلیں گے، کیونکہ رویندر جڈیجا جوکہ کندھے کے زخم میں مبتلا ہیں، وہ سیریز کے مابقی دو مقابلوں میں شرکت نہیں کرپائیں گے۔ لہٰذا اکشر پٹیل کو ٹیم میں شامل کردیا گیا ہے۔ جڈیجا کے کندھے کے زخم نے یہ خدشات بھی پیدا کردیئے ہیں کہ بائیں ہاتھ کے آل راؤنڈر کیا آسٹریلیا میں آئندہ ماہ منعقد شدنی سہ رُخی سیریز سے قبل صحت یاب ہوجائیں گے یا پھر وہ ورلڈ کپ سے بھی باہر ہوجائیں گے؟ 20 سالہ نوجوان اکشر پٹیل کے لئے یہ ایک سنہری موقع ہے جنھوں نے سری لنکا کے خلاف حالیہ منعقدہ ونڈے سیریز کے علاوہ ہندوستان کے لئے 9 ونڈے مقابلوں میں 14 وکٹیں حاصل کی ہیں جب کہ سری لنکا کے خلاف 40 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کرنا ان کا بہترین مظاہرہ ہے۔ اکشر پٹیل ان دنوں ہندوستان کی ونڈے ٹیم میں قطعی 11 کھلاڑیوں میں شامل ہونے کے لئے سب سے زیادہ مضبوط دعویدار ہیں، حالانکہ وہ صرف رانجی ٹرافی میں بھی دو سیزن ہی کھیل پائے ہیں۔ 2012ء میں مدھیہ پردیش کے خلاف گجرات کی نمائندگی کرتے ہوئے رانجی ٹرافی میں انھوں نے تاحال 10 مقابلوں میں 32 وکٹیں حاصل کی ہیں۔