اکسائیز ڈپٹی کمشنر اے سی بی کے جال میں

کریم نگر۔/29مئی، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) وظیفہ حسن خدمت پر سبکدوشی کیلئے صرف 48 گھنٹے باقی تھے کہ قسمت کی ستم ظریفی دیکھیئے کہ کریم نگر ضلع اکسائیز ڈپٹی کمشنر ڈی شیوا نائیک کو خود ان کی حرص اور بدنیتی نے انسداد رشوت ستانی کے بچھائے گئے جال میں پھنسا دیا۔ ایک شراب کی دکان کے مالک سے 25ہزار روپئے رشوت لیتے ہوئے منگل کی شام اے سی بی کے ہاتھوں پکڑے گئے۔ کریم نگر اے سی بی ڈی ایس پی ٹی سدرشن گوڑ کی دی گئی اطلاع کے مطابق کریم نگر ضلع سرسلہ کے متوطن پرتھوی دھر راؤ اور ان کے رشتہ داروں کی تین شراب کی دکانات ہیں اس میں ہریتا وائن شاپ نمبر 278 کے ملازم پرتھوی دھر راؤ کو ڈی سی پی شیوا نائیک کو فون کرتے ہوئے ایک دکان کو 10ہزار روپئے کے حساب سے معمول دینے کا مطالبہ کیا۔ اتنا روپیہ نہ دینے کی صورت میں دکانات پر دھاوے کرنے کی دھمکی دی۔ جس پر 25ہزار روپئے دینے کے لئے پرتھوی دھر راؤ نے رضامندی ظاہر کردی اور ادھر اے سی بی کو اطلاع دی جس پر منگل کی شام کریم نگر اکسائیز دفتر میں موجود ڈی سی شیوا نائیک کو 25ہزار روپئے حوالے کرنے پر نگرانی کرنے والے اے سی بی عہدیداروں نے اچانک پہنچ کر رشوت میں دی گئی 25ہزار روپئے کی رقم رشوت خور آفیسر ڈی شیوا نائیک کے پاس سے برآمد کرلی۔افسوس کہ 30اپریل کو شیوا نائیک کی مدت ملازمت ختم ہونے والی تھی اور وظیفہ حسن خدمت پر علحدگی ہونے والی تھی۔ اس پر پہلے ہی سے رشوت کے الزامات تھے۔30جون 2014کو ڈی سی کے عہدہ کا جائزہ لیا تھا تب سے وہ ہر ایک کام کے لئے ایک مقررہ قیمت رکھ لی تھی اور اپنے ماتحتین ملازمین کو بھی ان کی مرضی کے مطابق کام کرنے کی آزادی دی تھی۔ کچھ ماہ قبل اپنے آبائی گاؤں میں ہنومان مندر کی تعمیر کے لئے چندہ کے نام پر شراب کی دکانات سے لاکھوں روپئے وصول کرلئے۔ اس تعلق سے کچھ مقامی تلگو اخبار میں خبریں آنے پر وہ سلسلہ بند کردیا تھا۔ پچھلے تین ماہ سے شراب کی دکانات سے بھاری رقم بطور رشوت حاصل کی تھی۔