اکزٹ امتحانات کے خلاف کلکٹریٹ کا گھیراؤ

کریم نگر۔ یکم فبروری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مرکزی انڈین میڈیکل اسوسی ایشن کی ہدایت پر آئی ایم اے کریم نگر کے زیر اہتمام چیلمیڈہ میڈیکل کالج کے طلباء اور پریتما میڈیکل کالج کے طلباء نے اکزٹ امتحانات (Exit) کے خلاف یکم فبروری کلکٹریٹ کے روبرو بڑے پیمانے پر احتجاجی مظاہرہ اور دھرنا کیا۔ صبح 10 بجے سے دوپہر ایک بجے تک نعرہ بازی کرتے ہوئے  مین گیٹ کے روبرو دھرنا دیا اور اکزٹ امتحان کے خلاف زبردست نعرہ بازی کے ساتھ انسانی زنجیر بنائی گئی۔ آئی ایم اے کریم نگر کے ذمہ داران ڈاکٹرس اور طلباء قائدین نے کہا کہ حکومت کو اکزٹ امتحان رکھے جانے کے فیصلہ سے باز آجانا چاہیئے، ہمارا یہ احتجاج اس وقت تک جاری رہے گا جب تک کہ مرکزی حکومت اپنے اس اکزٹ امتحان کے انعقاد کے فیصلہ سے دستبردار نہ ہوجائے۔ بعد ازاں ایک بجے دن کلکٹر سے ملاقات کرتے ہوئے ایک یادداشت حوالے کی گئی۔ اس پروگرام میں آئی ایم اے کریم نگر شاخ کے صدر ڈاکٹر محمد علیم، سکریٹری ڈاکٹر جی رویندر، ڈاکٹر شوریا، ڈاکٹر بھوم ریڈی، ڈاکٹر پربھاکر ریڈی، ڈاکٹر راجیش، ڈاکٹر بی ایس راؤ، ڈاکٹر لکشمن کمار، ڈاکٹر پردیپ کمار، ڈاکٹر گنگادھر، ڈاکٹر مدھوسدھن راؤ چیلمیڈہ اور طلباء و طالبات موجود تھے۔

سدی پیٹ میں اجازت کے
بغیر جلسے و جلوس پر انتباہ
سدی پیٹ۔ یکم فبروری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کمشنر آف پولیس سدی پیٹ شیواکمار نے صحافتی بیان میں بتایا کہ دفعہ نمبر 30کے تحت یکم فبروری سے 28فبروری تک کمشنریٹ کے حدود میں احتجاج، دھرنا، راستہ روکو، جلسے اور جلوس بلااجازت نہیں نکالے جاسکتے۔ بصورت دیگر قانونی کارروائی کی جائے گی۔