کراچی، 31 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے سابق کپتان وسیم اکرم نے ان کی گاڑی پر فائرنگ کرنے والے ملزم میجر ریٹائرڈ عامر رحمان کو معاف کردیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق سابق کپتان نے کہا کہ ان کی گاڑی پر فائرنگ کرنے والے میجر (ر) عامر رحمان نے انہیں موبائل پر معافی کا پیام بھیجا کیا جس پر انہوں نے اسے معاف کردیا۔ انھوں نے کہا ، ’’میں معاف کرنے اور آگے بڑھنے پر یقین رکھتا ہوں اور دنیا میں کہیں اور نہیں صرف پاکستان میں رہنا چاہتا ہوں۔ پاکستان میرا ملک ہے میں یہاں سکیورٹی لے کر نہیں چلتا‘‘۔ اس سے قبل اکرم نے معافی نامہ قبول کرنے کیلئے 2 شرائط رکھی تھیں جن میں عامر رحمان کا اسلحہ لائسنس اور گاڑی کے ڈرائیورکا ڈرائیونگ لائسنس منسوخ کرنا شامل تھا جس پر میجر ریٹائرڈ نے اکرم کی دونوں شرائط منظور کرلئے اور عامر رحمان کا اسلحہ لائسنس منسوخ کرنے کا لیٹر بھی جاری کردیا گیا ہے۔ اکرم کی گاڑی پر فائرنگ کا واقعہ 5 اگست کو کارساز روڈ پر پیش آیا جبکہ مرکزی ملزم میجر (ر) عامر رحمان عبوری ضمانت پر ہیں۔