نئی دہلی ۔ 28 ؍ اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) کولکتہ نائیٹ رائیڈرس کے بولنگ کوچ وسیم اکرم نے ان عزائم کا اظہار کیا ہے کہ ٹیم کے بولنگ شعبہ میں کئی ایسے نام موجود ہیں جو بولنگ کو کافی مضبوط بناتے ہیں جن کی وجہ سے ٹیم ٹورنمنٹ کی قطعی چار ٹیموں میں شامل ہوسکتی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم جن کھلاڑیوں کو ٹیم میں حاصل کرنا چاہتے تھے وہ ہماری صفوں میں موجود ہیں۔ جیسا کہ شکیب الحسن ‘ رابن اتھپا ‘ اینڈری رسل اور اس طرح کے کئی کھلاڑی ٹیم میں موجود ہیں جو کہ کے کے آر کو مستحکم بناتے ہیں ۔ ٹیم کے موجودہ مظاہروں پر اظہار خیال کرتے ہوئے پاکستان کے سابق عظیم بولر وسیم اکرم نے کہا کہ ہمیشہ ایک سخت وقت رہتا ہے جہاں ٹیم کو چند مقابلے میں ناکافی برداشت کرنی پڑتی ہے جبکہ آئی پی ایل ایک طویل ٹورنمنٹ ہے ۔ وسیم اکرم نے مزید کہا کہ ٹیم میں کئی ایسے کھلاڑی موجود ہیں جو انفرادی طور پر ٹیم کو کامیابی دلوانے کے علاوہ اجتماعی طور پر ٹیم کو ایک طاقتور ٹیم بناتے ہیں ۔ وسیم اکرم سے جب استفسار کیا گیا کہ کیا آپ کے کے آر کو فائنل کھیلتا ہوا دیکھتے ہیں تو انہوں نے کہاکہ ہر ٹیم انتظامیہ کی یہی خواہش ہوتی ہے کہ ان کے کھلاڑی خطابی مقابلہ کھیلیں لیکن میں سمجھتا ہوں کے کے آر ٹورنمنٹ کے قطعی چار ٹیموں کے مرحلے میں رسائی حاصل کرلے گی ۔ وسیم اکرم جو کہ 2010 تا 2012 تک ٹیم کے ساتھ تھے انہوں نے اپنے رول پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم میں ان کا کام بولروں اور کپتان سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے مقابلے کے منصوبہ بندی کرنا ہے اور بیٹسمنوں کے اعتماد میں اضافہ بھی کرنا ہے ۔ بائیں ہاتھ کامیاب ترین بولر نے مزید کہا کہ وہ 21 برس سے بین الاقوامی کرکٹ میں سرگرم رہے ہیں اور ان تجربات سے وہ کے کے آر کے بولروں اور دیگر کھلاڑیوں کو فائدہ پہنچا رہے ہیں ۔ وسیم اکرم نے کے کے آر کی بولنگ پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم میں مورنی مورکل ‘ پاٹ کمنس کے علاوہ مقامی کھلاڑی ویر پرتاب ‘ ونئے کمار اور اومیش یادو موجود ہیں جو ٹیم کے بولنگ شعبہ کو مستحکم کر رہے ہیں ۔ اکرم نے ٹوئنٹی 20 میں اسپنرس کی اہمیت پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ یہ ٹورنمنٹ تیزی سے رنز بنانے کے لئے ہوتا ہے اور بیٹسمین جوکھم اٹھاتے ہوئے اسپنرس کے خلاف رنز بنانے کی کوشش کرتے ہیں ۔