اکرم نئے بیٹسمینوں کی عدم دستیابی پر مایوس

دبئی۔29 مارچ(سیاست ڈاٹ کام)پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور اپنے دور کے بہترین فاسٹ بولر وسیم اکرم پاکستان سوپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن سے بیٹنگ کی نئی صلاحیت نہ ملنے پر بری طرح مایوس ہیں ۔اکرم نے کہا کہ ایونٹ کے دوران آل راؤنڈرز اور بولرز تو سامنے آئے لیکن کوئی اچھا بیٹسمین دکھائی نہیں دیا جو بڑی بدقسمتی ہے۔ میڈیا سے بات چیت میں وسیم اکرم نے کہا کہ پی ایس ایل تھری سے آل راؤنڈرز اور بالرز تو سامنے آئے لیکن کوئی اچھا بیٹسمین نہیں مل سکا جس سے اس بات کی نشاندہی ہوتی ہے کہ پاکستان کی فرسٹ کلاس کرکٹ کے ڈھانچے کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے اور انہیں امید ہے کہ پی سی بی حکام اب کچھ رقم ڈومیسٹک کرکٹ پر بھی خرچ کریں گے۔ ایونٹ کے دوران فیلڈنگ کے معیار سے مطمئن وسیم اکرم نے کہا کہ پی ایس ایل کئی اعتبار سے ملک کیلئے ایک بہترین ٹورنمنٹ ثابت ہوا ہے۔