اکبر اویسی کیس : یونس یافعی کی ضمانت کیلئے استدعا

حیدرآباد۔/27جنوری، ( سیاست نیوز) چندرائن گٹہ حملہ کیس میں ماخوذ یونس بن عمر یافعی کی درخواست ضمانت پر آج وکیل دفاع نے بحث کی۔ جیل میں طویل عرصہ سے محروس رہنے کے سبب صحت انتہائی متاثر ہونے اور ضعیف العمر ہونے کے سبب انہیں ضمانت پر رہا کئے جانے کا استدلال پیش کیا۔ وکیل دفاع ایڈوکیٹ جی گرو مورتی نے اپنی بحث میں ساتویں ایڈیشنل میٹرو پولیٹن سیشن جج نے بتایا کہ گذشتہ چھ سال سے یونس بن عمر یافعی کو جیل میں محروس رکھا گیا ہے جس کے نتیجہ میں ان کی صحت انتہائی متاثر ہوگئی ہے اور وہ کئی عارضوں کا شکار ہوگئے ہیں۔ موثر علاج اور ان کی دیکھ بھال کیلئے انہیں ضمانت پر رہا کرنے کی درخواست کی ہے۔ جج نے درخواست ضمانت پر اسپیشل پبلک پراسیکوٹر کی بحث کیلئے سماعت کو پیر تک ملتوی کردیا۔ قبل ازیں جیل میں شناختی پریڈ کرانے والے مجسٹریٹ ستیہ نارائنا نے عدالت میں آج دوسری مرتبہ حاضری دی جس پر وکیل دفاع ایڈوکیٹ راج وردھن ریڈی نے جرح کی۔ شناختی پریڈ کے دوران گواہوں کی جانب سے مشتبہ ؍ ملزمین کی شناخت سے متعلق تفصیلات درج کرائے گئے۔