اکبر اویسی حملہ کیس میں ملزمین اور ملبوسات کی شناخت

اپولو ہاسپٹل کے چیف سیکورٹی آفیسر اور عینی شاہد فیاض الدین کے بیانات قلمبند
حیدرآباد ۔ /30 مارچ (سیاست نیوز) اکبر الدین اویسی حملہ کیس کی سماعت کے دوران آج دو گواہوں نے اپنا بیان قلمبند کروایا اور ملزمین کی شناخت کی ۔ کنچن باغ اپولو ڈی آر ڈی او کے چیف سیکورٹی آفیسر مسٹر ونود سوگی نے عدالت میں اپنے بیان میں یہ بتایا کہ /30 اپریل 2011 کو وہ دواخانہ میں ڈیوٹی پر تعینات تھے اور حملہ کیس میں زخمی ملزمین کو علاج کیلئے وہاں لایا گیا تھا ۔ چیف سکیوریٹی آفیسر نے جج کے روبرو استغاثہ کی جانب سے 27 ملبوسات بتائے جانے پر ان کی شناخت کی ۔ ونود سوگی نے پولیس کی جانب سے زخمیوں کی  بنیان میں سوراخ دکھائے اور پوچھا کہ کیا یہ گولیوں کے نشان ہیں جس پر انہوں نے لاعلمی کا اظہار کیا ۔ سوگی نے زخمیوں کے علاج کرنے والے ڈاکٹر سے متعلق تفصیلات سے بھی لاعلمی کا اظہار کیا ۔ اس گواہ نے عدالت کو بتایا کہ اپولو ہاسپٹل میں زخمیوں کو ایمرجنسی میں لایا گیا تھا اور بعد ازاں بعض زخمیوں کو یشودھا ہاسپٹل منتقل کیا گیا ۔ حملہ کیس کے عینی شاہدین محمد فیاض الدین ساکن ایرا کنٹہ نے بھی آج عدالت میں اپنا بیان قلمبند کروایا اور رکن اسمبلی کے حملے میں مبینہ طور پر ملوث ملزمین کی نشاندہی کی ۔ فیاض الدین نے اپنے بیان میں بتایا کہ حملہ کے دن وہ اکبر الدین اویسی کی جانب سے منعقدہ ایک پروگرام میں حصہ لینے کیلئے گیا ہوا تھا جہاں پر حملہ ہوا ۔ رکن اسمبلی پر چاقوؤں سے حملہ کرنے کی گواہی دی اور 6 ملزمین کی شناخت کی۔ محمد فیاض الدین نے عدالت میں پیش کئے گئے زخمیوں کے ملبوسات کی شناخت بھی کی۔ اس گواہ کا صرف بیان قلمبند کیا گیا اور کل اس پر جرح کی جائے گی۔ روزانہ کی اساس پر حملہ کیس کی سماعت کے دوران آج پولیس نے محمد بن عمر یافعی المعروف محمد پہلوان اور دیگر 12 افراد کو عدالت میں پیش کیا۔