اڈیشہ میں ’’مائن مافیا‘‘ کی حکومت : راہول گاندھی

کوراپٹ (اڈیشہ) ۔ 31 ۔ مارچ (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی نے آج ادعا کیا کہ اڈیشہ میں بی جے پی حکومت نے مرکزی یو پی اے حکومت کی جانب سے کئے گئے فلاحی پروگرامس کو اپنے نام کرنے کی ناکام کوشش کی ہے لیکن عوام سب سمجھتے ہیں کہ کونسی پارٹی کیا کر رہی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ریاست میں ’’مائن مافیا‘‘ کا راج ہے نہ کہ عوامی نمائندوں کا ۔ قبائلیوں کی اکثریت والے سیمیلیگوڑہ میں ایک عوامی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے راہول گاندھی نے کہا کہ ریاستی حکومت عوامی قائدین نہیں بلکہ ’’مائن مافیا‘‘ چلا رہا ہے ۔ قیمتی معدنیات جن کی مالیت ہزاروں کروڑ روپئے ہے ، انہیں لوٹا جارہا ہے اور ریاستی حکومت کو اس کے بارے میں پوری پوری معلومات ہے۔ ریاستی حکومت صرف انجان بنے رہنے کا ناٹک کر رہی ہے ۔ قبائلیوں کی فلاح و بہبود کیلئے مرکزی حکومت کروڑ ہا روپئے بھیجتی ہے لیکن رقومات استفادہ کنندگان تک نہیں پہنچتی۔ ریاستی حکومت مرکزی فنڈس کو کہیں اور منتقل کر دیتی ہے اور فلاحی کاموں کا سہرہ بھی ریاستی حکومت اپنے سر باندھ لیتی ہے ۔