اڈیشہ اسمبلی اجلاس اپوزیشن ارکان کے احتجاج کے باعث دو مرتبہ ملتوی

بھوبنیشور۔ 24 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) اڈیشہ اسمبلی اجلاس آج اپوزیشن کانگریس اور بی جے پی ارکان کی جانب سے کئے گئے مختلف مطالبات اور الزامات کے باعث دو مرتبہ ملتوی ہوا۔ وقفہ سوالات شروع ہونے کے صرف 25 منٹ ہی میں کانگریس کے ارکان نے قبائیلی غلبہ والے اضلاع میں پنچایتیں (ایکسٹینشن ٹو شیڈول ایریاس) ایکٹ 1996ء پر عمل درآمد میں ریاستی حکومت کی سنجیدگی پر شبہات کا اظہار کیا۔ کانگریس کے رکن اسمبلی پرافلا ملو نے الزام عائد کیا کہ پی ای ایس اے ایکٹ کو مرکزی حکومت کی جانب سے بنایا گیا تھا تاکہ شیڈول علاقوں میں رہنے والے عوام کیلئے گرام سبھاس کے ذریعہ خود حکمرانی کو یقینی بنایا جائے لیکن ریاستی حکومت اس کے پرویژنس پر عمل درآمد نہیں کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گرام سبھاس کو سندر گڑھ اور دیگر چند اضلاع میں خاطر خواہ اہمیت نہیں دی جاتی ہے، تاہم ان الزامات کو وزیر پنچایت راج پراوین مہاراتی نے مسترد کردیا اور کہا کہ پی ای ایس اے ایکٹ پر قبائیلی غلبہ والے تمام اضلاع میں بہتر انداز میں عمل درآمد کیا جارہا ہے۔ اس مسئلہ پر احتجاج کرتے ہوئے کانگریس اور بی جے پی کے ارکان نے ایوان کے وسط میں پہنچ کر ریاستی حکومت کے خلاف نعرے لگائے اور حکومت کو مخالف قبائیلی قرار دیا۔ ایوان کو نہ چلا پانے کی وجہ اسپیکر پردیپ کمار نے ایوان کی کارروائی کو دوپہر 12 بجے تک کیلئے ملتوی کردیا۔ جب دوپہر میں ایوان کا اجلاس دوبارہ شروع ہوا تو اسمبلی میں اپوزیشن قائد نارا سنگھا مشرا نے کل سنبھل پور عدالت میں ہوئی ہلاکت کا تذکرہ کرتے ہوئے آر جے ڈی حکومت پر ناکافی سکیورٹی انتظامات کرن ے کا الزام عائد کیا۔