اڈوانی کی طرح مودی کو بھی روکنے لالویادو کا تیقن

پٹنہ 8 مئی (سیاست ڈاٹ کام) صدر راشٹریہ جنتادل لالو پرساد نے دعویٰ کیاکہ وہ نریندر مودی کے سیاسی عزائم کو بھی اسی طرح روک دیں گے جیسا کہ 1990 ء میں بہار میں اُنھوں نے اڈوانی کی رتھ یاترا روکی تھی۔ دونوں قائدین کا نام لئے بغیر لالو نے اپنے ٹوئٹر پر تحریر کیاکہ پہلے گرو کو روکا تھا اب چیلے کا نمبر ہے۔ بی جے پی قائدین جو بہار کا دورہ کررہے ہیں، اُنھوں نے اپنے ٹوئٹر پر فوری ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ لالو پرساد مودی کو روکنے کا دن میں خواب دیکھ رہے ہیں۔ بی جے پی کے ترجمان سید شاہنواز حسین نے پٹنہ ایرپورٹ پر سیوان اور موتی ہاری کی انتخابی مہم پر روانہ ہونے سے قبل کہاکہ مودی کو روکنے کے لئے پہلے لالو کو سرن کے حلقہ میں بی جے پی کو روکنا ہوگا جہاں سے اُن کی بیوی رابڑی دیوی مقابلہ کررہی ہیں، وہاں بی جے پی امیدوار راجیو پرتاب روڈی کامیاب ہوں گے۔