نئی دہلی ۔ /3 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی کے بزرگ لیڈر ایل کے اڈوانی کو اکٹوبر 1990 ء میں ایودھیا سے سومناتھ تک رام رتھ یاترا نکالنے کی پاداش میں گرفتار کرنے والے آئی ایس آفیسر راج کمار سنگھ کو مودی کابینہ میں شامل کیا گیا ہے ۔ بہار کے آرہا مقام سے پہلی مرتبہ رکن پارلیمنٹ بننے والے راجکمار سنگھ کو بہار اور دارالحکومت دہلی میں اعلیٰ طاقتور گوشوں سے قربت حاصل ہے ۔ وی پی سنگھ حکومت کے دوران بی جے پی نے اڈوانی کی گرفتاری پر احتجاج کیا تھا اور تشدد بھڑک اٹھا تھا ۔ راجکمار سنگھ نے سمستی پور میں اڈوانی کی رتھ یاترا کو روک کر انہیں گرفتار کیا تھا جس پر بی جے پی نے وی پی سنگھ کی قومی محاذ حکومت سے تائید واپس لی تھی اور یہ حکومت گرگئی تھی ۔ اس کے بعد زعفرای پارٹی ملک کی سیاست میں طاقتور بن کر ابھری ۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ راجکمار سنگھ بعد ازاں وزارت داخلہ میں جوائنٹ سکریٹری بن گئے جس کی قیادت اڈوانی کررہے تھے ۔