تھرواننتاپورم 8 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی کے سینئر لیڈر ایل کے اڈوانی نے آج اپنے اس یقین کا اظہار کیاکہ بی جے پی کے زیرقیادت این ڈی اے ملک میں آئندہ حکومت تشکیل دے گی اور نریندر مودی ایک بے مثال تاریخ بنائیں گے۔ اڈوانی نے یہاں ایک ریالی سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ’’عوام میں اس بات پر کوئی شک نہیں ہے کہ لوک سبھا انتخابات کے بعد کس کی حکومت برسر اقتدار آئے گی۔ بی جے پی اور اس کے حلیفوں کے لئے تاریخی نتائج برآمد ہوں گے۔ اڈوانی نے کہاکہ ’’نریندر بھائی ملک میں تاریخ بنارہے ہیں۔
میں چاہتا ہوں کہ کیرالا سے نشست پر کامیابی کے ساتھ راج گوپال بھی اس تاریخ میں شامل ہوجائیں‘‘۔ وزیراعظم منموہن سنگھ پر تنقید کرتے ہوئے اڈوانی نے کہاکہ یہ پہلا موقع ہے کہ ملک میں انتخابی نتائج سے قبل ہی موجودہ وزیراعظم منتقلی کے لئے گھر تلاش کررہے ہیں۔ کانگریس کے زیرقیادت یو پی اے کی حالت پر اڈوانی نے کہاکہ ’’ملک کے عوام سے اگر ہم پوچھیں کہ آیا آپ کانگریس کو دوبارہ منتخب کرنا چاہتے ہیں تو زوردار جواب نفی میں ہوگا‘‘۔ اُنھوں نے کہاکہ قومی سیاست میں بائیں بازو کی اہمیت گھٹتی جارہی ہے۔ وہ صرف تریپورہ، مغربی بنگال اور کیرالا تک محدود ہوگئی ہے۔