اڈوانی درست کہتے ہیں: بی جے پی ترجمان

نئی دہلی /19 جون (سیاست ڈاٹ کام) آج بی جے پی نے اڈوانی کے اندیشوں کے بارے میں قیاس آرائیوں کو کہ ملک میں عنقریب ایمرجنسی کا نفاذ ممکن ہے، مسترد کرتے ہوئے کہا کہ سیاست میں اقدار کے انحطاط کے پس منظر میں اڈوانی جی نے یہ تبصرہ کیا ہے۔ پارٹی کے ترجمان سدھانشو ترویدی نے کہا کہ اڈوانی جی ہندوستانی سیاست کے کہنہ مشق قائد ہیں، انھوں نے جو کچھ کہا درست کہا ہے۔ گزشتہ 40 سال سے سیاست میں نظریہ، اقدار اور اصول بتدریج معدوم ہورہے ہیں۔ اگر ہندوستانی سیاست میں کسی سیاسی پارٹی کے پاس نظریہ موجود ہے تو وہ بی جے پی ہے اور کچھ حد تک بائیں بازو کی پارٹیوں میں نظریات موجود ہیں۔ دیگر تمام سیاسی پارٹیوں میں نظریات ختم ہو چکے ہیں اور صرف اقتدار پر قبضہ کرنے کا رجحان غالب ہے۔ امکان ہے کہ اڈوانی جی نے اسی صورت حال کی نشاندہی کی ہے۔ نتیش کمار، ملائم سنگھ اور لالو پرساد پر تنقید کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ یہ تینوں ہمیشہ کانگریس کے مخالف رہے، لیکن آج اقتدار پر قبضہ کرنے اس سے ہاتھ ملا رہے ہیں۔