اڈوانی اور ودیا کو اسنوکر نیشنلس میں خطابات

لکھنو ، 8 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) آٹھ مرتبہ کے ورلڈ چمپئن پنکج اڈوانی نے کمل چاؤلہ کو 6-3 سے شکست دے کر جمعہ کو یہاں منیشا بلیرڈز اینڈ اسنوکر نیشنلس میں مینس اسنوکر کا ٹائٹل حاصل کرلیا۔ پٹرولیم اسپورٹس پروموشن بورڈ کے 28 سالہ اڈوانی نے شروع سے ہی اچھا کھیلا۔ تاہم درمیان میں انھیں ریلویز کے کمل کی مزاحمت کا سامنا بھی ہوا، جیسا کہ حریف کھلاڑی اس مرحلے کے دوران اڈوانی کو فریم در فریم چیلنج کرتے رہے۔ لیکن جیسے جیسے میچ آگے بڑھا اڈوانی کا کھیل پر کنٹرول ہوگیا۔ وہ اب چین کیلئے پرواز کریں گے جہاں وہ 10 مارچ سے ہائیکو اوپن میں کھیلیں گے۔ دریں اثناء ویمنس اسنوکر کراؤن کرناٹک کی ودیا پلے نے جیتا۔ انھوں نے ہم ریاست ایم چترا کو 4-3 سے شکست دے کر اپنا آٹھواں خطاب حاصل کیا۔