اڈمنسٹریٹیو آفیسر ڈی ٹی او وقار آباد رشوت لیتے ہوئے گرفتار

حیدرآباد ۔ /22 مئی (سیاست نیوز) اینٹی کرپشن بیورو کے عہدیداروں نے محکمہ آر ٹی اے کے ایڈمنسٹریٹیو آفیسر کو رشوت حاصل کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ اے پروین کمار جو ڈسٹرکٹ ٹرانسپورٹ آفس ( ڈی ٹی او ) وقارآباد کا ایڈمنسٹریٹیو آفیسر ہے اپنے خانگی ایجنٹس کے ذریعہ پرگی کے متوطن ایم رمیش بابو سے گاڑی کے رجسٹریشن کیلئے 10 ہزار روپئے کی رشوت طلب کی تھی جس پر رمیش بابو نے بیورو سے شکایت درج کروائی اور عہدیداروں نے آج پروین کمار کو رشوت حاصل کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا ۔ اس کارروائی میں پروین کمار کے خانگی ایجنٹس عادل خان اور ایم رویندر کو بھی گرفتار کیا گیا ہے اور گرفتار شدہ افراد کو انسداد رشوت ستانی کورٹ میں پیش کرتے ہوئے انہیں جیل بھیج دیا ۔