سدی پیٹ /3 فروری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) امتحان میں شرکت کیلئے طالب علم کو ذہنی تناؤ کے بغیر پرسکون انداز میں نفسیاتی دباؤ نہ رکھتے ہوئے کامیابی اور اچھے نشانات کے حصول کیلئے جانا چاہئے ۔ طالب علم سال بھر تعلیم حاصل کرتے ہے لیکن امتحان کیلئے وقت مقررہ پر جوابات دینا ہوتا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار یہاں سدی پیٹ کے گورنمنٹ جونئیر کالج آڈیٹوریم میں سیاست ایس ایس سی کوئسچن بنک کی تقسیم کے جلسہ کو مخاطب کرتے ہوئے جناب ایم اے حمید اور دیگر شخصیتوں نے کیا ۔ جناب عبدالقادر صدر ملت اسلامیہ ویلفیر سوسائٹی نے صدارت کی اور اپنی صدارتی تقریر میں اس کوئسچن بنک کی تیاری اور مفت تقسیم پر ادارہ سیاست اور اساتذہ جنہوں نے تیار کی ان کی ستائش کی ۔ جناب مسکین احمد صدر انجمن محبان اردو نے اپنی تقریر میں طلبہ کو مشورہ دیا کہ وہ اس کتاب سے بھرپور استفادہ کریں ۔ جناب احمد بشیر الدین فاروقی ریٹائرڈ ڈپٹی ایجوکیشنل آفیسر نے توسیعی لکچر دیتے ہوئے کہا کہ گذشتہ 13 برسوں سے یہ کوئسچن بنک تیار کرکے حیدرآباد اور تمام اضلاع میں مفت تقسیم کیا جارہا ہے ۔
انہوں نے ایس ایس سی کے بعد مختلف کورسیس کو تفصیلی طور پر پیش کیا ۔ ماہر تعلیم و کیرئیر کونسلر ایم اے حمید نے امتحان کی تیاری کامیابی کے تکنیک اور اچھے نشانات کا حصول پر زور دیا اور کہا کہ وقت کا صحیح استعمال کریں ۔ آج کامیاب ہونا آسان ناکام ہونا مشکل ہے ۔ اچھے جی پی اے سے کامیاب حاصل کرنے کیلئے یہ کوئسچن بنک بے حد مفید ثابت ہوگا ۔ پروگرام کا آغاز طالبہ ثناء کی حمد سے ہوا ۔ محمد فصیح محی الدین لکچرر کمیسٹری نے نظامت کے فرائض انجام دئے ۔ اس موقع پر محمد غوث محی الدین نائب صدر ملت اسلامیہ سوسائٹی بشیرالدین مختار بھائی ، علیم الدین ، رشید موجود تھے ۔ آخری میں ٹیچر محی الدین نے شکریہ ادا کیا ۔