اچھے دن کب آئیں گے، راہول کا استفسار

شکاری پاڑہ ؍ گوڈا (جھارکھنڈ) ۔ 17 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی کو ان کے ’’اچھے دن‘‘ والے نعرے پر تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے نائب صدر کانگریس راہول گاندھی نے آج تعجب کا اظہار کیا کہ ایسے اچھے دن کب آئیں گے اور سوال اٹھایا کہ کیوں انہوں نے خواتین اور کسانوں کو بااختیار بنانے کے تعلق سے لب کشائی نہیں کی ہے۔ راہول نے شکاری پاڑہ اورگوڈا میں انتخابی جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ این ڈی اے حکومت کی تشکیل کے بعد 7 ماہ گذر چکے ہیں ۔ اچھے دن کب آئیں گے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ اچھے دن صرف چار ؍ پانچ بزنس مین کے ہیں جو مودی کے دوست ہیں۔ اس کے برخلاف کانگریس تمام گوشوں کو بااختیار بنانا چاہتی ہے۔
صدرجمہوریہ ہنوز ہاسپٹل میں زیرعلاج
نئی دہلی ۔ 17 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) صدرجمہوریہ پرنب مکرجی آج بھی یہاں کے ہاسپٹل میں زیرنگہداشت ہیں، جہاں وہ انجیو پلاسٹی کے بعد روبہ صحت ہورہے ہیں۔ سرکاری ذرائع نے کہا کہ صدرجمہوریہ پر ڈاکٹروں کی ٹیم نے بدستور نظر رکھی ہے۔ ابھی تک انہیں ہاسپٹل سے ڈسچارج کرنے کے بارے میں کوئی فیصلہ نہیں ہوا ہے۔ 79 سالہ مکرجی گذشتہ ہفتے سرجری کے بعد مسلسل پانچویں روز آرمی ریسرچ اینڈ ریفرل ہاسپٹل میں ہیں۔