نئی دہلی ؍ وارناسی ۔ 25 مئی (سیاست ڈاٹ کام) نریندر مودی حکومت کے ایک سال کی تکمیل پر اسے تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کانگریس نے آج کہا کہ حکومت نے اچھے دن کا جو وعدہ کیا تھا وہ صرف حکومت کے قریبی صنعتکاروں کیلئے آئے ہیں۔ پارٹی نے حکومت پر ملک کی جمہوری بنیادوں کو کمزور کرنے کا الزام عائد کیا۔ حکومت پر تنقیدوں میں شدت پیدا کرتے ہوئے سابق وزیرفینانس پی چدمبرم نے مودی حکومت پر تنقید کی کہ اس نے لوک سبھا میں درکار ارکان کی تائید رکھنے کے باوجود بڑے اصلاحات کو نظرانداز کردیا۔ انہوں نے کہا کہ روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں بھی حکومت ناکام رہی ہے۔ حکومت کی جانب سے ایک سال کی تکمیل پر جشن کو پھیکا کرنے کی کوشش کے طور پر چدمبرم نے کہا کہ حکومت نے گذشتہ ایک سال کی مدت کو ضائع کردیا ہے۔ حکومت اپنے بل پر اکثریت رکھنے کے باوجود اصلاحات کو آگے نہیں بڑھا سکی۔ انہوں نے حکومت سے سوال کیا کہ راست محاصل کوڈ اور عوامی قرض مینجمنٹ اتھاریٹی کو جو پس پشت ڈال دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ان کے خیال میں روزگار کے کوئی مواقع پیدا نہیں کئے گئے۔ وہ مودی حکومت کی کارکردگی کو 100 میں 0 نشانات دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عام کسان اور اشوک گلاٹی جیسے زرعی ماہرین بھی اس حکومت کو 0 نشانات ہی دیں گے۔ مودی حکومت کی کچھ صنعتکاروں سے قربت پر طنز کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر ایک صنعتکار کو ایس بی آئی سے 5 ہزار کروڑ کی ضمانت دی جاتی ہے تو وہ حکومت کو صدفیصد نشانات دے گا۔ کانگریس کے ترجمان شکیل احمد نے بھی حکومت پر تنقید کی اور کہا کہ حکومت نے انتخابات سے قبل اچھے دن کا وعدہ کیا تھا۔ یہ اچھے دن صرف اس کے قریبی صنعتکاروں کیلئے آئے۔ ملک کے عوام اچھے دن سے محروم ہیں اور ان کی مشکلات میں مسلسل اضافہ ہوتا جارہا ہے۔