اچھی حکمرانی ہمہ جہتی ترقی کی کلید ، میٹرو ٹرین سے سفر کرنے پر زور

نوئیڈا۔ 25 ڈسمبر(سیاست ڈاٹ کام) اچھی حکمرانی ہمہ جہتی ترقی کی کلید ہے اور اب وقت آ گیا ہیکہ لوگ شخصی فائدے حاصل کرنے کا اپنا رویہ ترک کردیں اور سرکاری اسکیموں میں حصہ لیں۔ وزیراعظم نریندر مودی نے کہا کہ مرکز کی این ڈی اے زیرقیادت حکومت آج سابق وزیراعظم اٹل بہاری واجپائی کی سالگرہ تقریب کو اچھی حکمرانی کا دن کے طور پر منارہی ہے۔ حکمرانی اس وقت تک نہیں ہوسکتی جبکہ اس پر ترقی کی فکر کا غلبہ ہو جس کا آغاز ’’میرا کیا‘‘ سے نہیں ہونا چاہئے۔ہم (مودی حکومت) نے ذہنیت تبدیل کردی ہے۔ امریکہ کیلئے فیصلے قومی مفاد کو پیش نظر رکھتے ہوئے کئے گئے ہیں سیاسی مفادات کو پیش نظر رکھتے ہوئے نہیں۔ دہلی میٹرو ریل کی میگنیٹا لائن کی 12 کیلو میٹر پٹی کا آغاز کرنے کے بعد وہ خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان ایک خوشحال ملک ہے۔ عوام کو اچھی حکمرانی کے فوائد سے محروم رکھا گیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ میں نے اس کو تبدیل کرنے کا سخت فیصلہ کیا ہے۔ بہت سے افراد کیلئے یہ ایک سخت فیصلہ ہے کیونکہ وہ سوچتے ہیں کہ پالیسی سے ان کو کونسا سیاسی فائدہ حاصل ہوگا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پالیسی سیاہ و سفید ہونی چاہئے اور اس کا برسرعام اعلان کیا جانا چاہئے۔ اس سے من مانے کارروائی کی گنجائش باقی نہیں رہتی۔ بدعنوانی انحطاط پذیر ہوتی ہے۔ جب میں برسراقتدار آیا تھا اخبارات خبریں شائع کیا کرتے تھے کہ نئے عہدیدار بروقت دفتر آرہے ہیں۔ ملازم زیادہ جوابدہ ہوگئے ہیں وغیرہ لیکن اب ایسا نہیں ہے۔ انہوں نے سرکاری ذرائع حمل و نقل کے استعمال پر زور دیا تاکہ ایندھن اور اس کی لاگت بچائی جاسکے۔ پٹرول کی درآمد کے ذریعہ اس کی لاگت میں اضافہ ہوجاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میٹرو ٹرین سے سفر کرنا ’’وقار کا مسئلہ‘‘ بن گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو انفراسٹرکچر تیار کرنے کیلئے کافی رقم خرچ کرنی ہوتی ہے لیکن جب یہ تیار ہوجاتا ہے تو اس سے آئندہ کئی نسلیں تک فائدہ اٹھاتی ہیں۔ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ 2022ء تک ہندوستان اپنی آزادی کی 75 ویں سالگرہ منائے گا۔ وہ چاہتے ہیں کہ پٹرولیم مصنوعات کی درآمد میں کمی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ کثیر نوعیت کا حمل و نقل نظام اس بات کو یقینی بنائے گا کہ ایندھن کااستعمال کم ہوجائے۔ اس سے عام آدمی کو رقم بچانے اور سازگار ماحول پیدا کرنے کا موقع ملے گا۔ 24 ڈسمبر 2002ء کو اس وقت کے وزیراعظم اٹل بہاری واجپائی نے میٹرو سے سفر کیا تھا۔ یہ تاریخی لمحہ تھا۔ اس وقت سے قومی دارالحکومت کے علاقہ میں میٹرو نیٹ ورک میں قابل لحاظ توسیع ہوئی ہے۔