اچھا دکھائی دینے کی خواہش ہر عورت کو ہوتی ہے اور یہ خواہش عمر سے مشروط نہیں، سجنا، سنورنا اور اچھا لباس پہننا ہر عمر میں اس کا حق ہے، لیکن سجنے سنورنے کے لئے ہر ایک کا اپنا ایک انداز ہوتا ہے اور اسی انداز کے باعث انفرادی پہنچان قائم ہوتی ہے۔ آج کل جس تیزی کے ساتھ فیشن ٹرینڈ تبدیل ہوتے ہیں۔
اس کے پیش نظر یہ طئے کرنا مشکل ہے کہ کون کس طرز کا لباس پہنے۔ اس کیلئے سب سے بہترین طریقہ یہ ہے کہ ہمیشہ ایسے لباس کا انتخاب کریں جسے پہن کر آپ خود کو پُراعتماد محسوس کریں۔ یہی اعتماد دراصل آپ کا اسٹائل ہے۔ اسے آپ یوں سمجھ سکتی ہیں کہ اگر کوئی ادھیڑ عمر خاتون، لڑکیوں جیسے شوخ وشنگ اور جدید تراش خراش والے ملبوسات پہن کر باہر نکلیں گی تو پھر انہیں لوگوں کی تنقیدی نگاہوں کا سامنا کرنے کے لئے تیار رہنا چاہئے لیکن کوئی بھی خاتون اگر ذرا سا محتاط رہتے ہوئے کسی فیشن کو اپنائیں تو قطع نظر اس کے کہ ان کی عمر کیا ہے، ان کے لئے پسندیدہ انتخاب کی کمی ہوگی اور وہ باوقار بھی دکھائی دیں گے، لہذا عمر کی ہر بدلتی دہائی کے ساتھ اپنے ملبوسات کے اسٹائل میں تبدیلی لانے کی ضرورت ہوتی ہے۔