اچنت ۔منیکا کوٹیبل ٹینس مکسڈ ڈبلز میں برونزمیڈل

جکارتہ۔29 اگست(سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان کو18 ویں ایشیائی کھیلوں سے پہلے ایشیاڈ ٹیبل ٹینس میں ایک بھی میڈل نہیں ملا تھا لیکن ان کھیلوں میں ہندوستانی مرد ٹیم نے پہلا برونزمیڈل جیتا اور اب اچنت شرت کمل اورمنیکا بترا کی مکسڈ ڈبلز ٹیم نے برونزمیڈل جیت لیا۔ مکسڈ ڈبلز میں میڈل جیتنے کے بعد اب ہندوستانی کھلاڑی سنگلز مقابلوں میں اپنا چیلنج پیش کریں گے ۔ مکسڈ ڈبلز کے سیمی فائنل میں شرت اور منیکا کی جوڑی کو چین کے چوکن وانگ اور ینگشا سون سے9-11، 5-11، 13-11، 4-11،8-11 سے شکست کھا کر برونزمیڈل پر اکتفا کرنا پڑا۔ میچ39 منٹ میں ختم ہوا۔ہندوستانی جوڑی نے اس سے پہلے کوارٹر فائنل میں شمالی کوریا جوڑی سونگ آن جی اورھیوسم چا کو 4-11، 12-10، 6-11، 11-6،11-8 سے شکست دی۔ ہندوستانی جوڑی نے راؤنڈ16 کا مقابلہ ملائیشیا کے جاوہن چونگ اور کارین لائن ڈک کی جوڑی کو راست گیموں میں 11-2، 11-5،11-8 سے شکست دے کر میچ جیت لیا۔مکسڈ ڈبلز میں ایک اورہندوستانی جوڑی انتھونی املراج اور مدھرکا سھاس پاٹکر کو راؤنڈ 16 میں ہانگ کانگ کے کوان کت ہو اور ہو چنگ لی نے 6-11، 11-7،11-5، 11-4 سے شکست دی۔