ممبئی 17 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) این سی پی نے آج کہاکہ کانگریس اعلان کرچکی ہے کہ اپوزیشن پارٹیاں اپنا وزارت عظمیٰ امیدوار عام چناؤ کے بعد منتخب کریں گی بشرطیکہ اُنھیں حکومت تشکیل دینا ہو، اِس لئے اِس مسئلہ پر بحث کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ شردپوار زیرقیادت پارٹی کا ریمارک ایک روز بعد سامنے آیا جبکہ صدر ڈی ایم کے پارٹی ایم کے اسٹالن نے کانگریس سربراہ راہول گاندھی کو 2019 ء میں اتحادی حکومت کی تشکیل پر اپوزیشن پارٹیوں کی طرف سے ملک کا اگلا وزیراعظم بنانے کی حمایت کی تھی۔ این سی پی کے قومی ترجمان نواب ملک نے کہاکہ خود کانگریس اعلان کرچکی ہے کہ وزیراعظم کا فیصلہ لوک سبھا انتخابات کے نتائج کے بعد کیا جائے گا۔ اُنھوں نے کہاکہ یہ اچھی بات ہے کہ اسٹالن نے راہول کی تائید و حمایت کی ہے لیکن جب کانگریس اور دیگر ہمخیال پارٹیاں اِس تعلق سے بات کرچکی ہیں تو اب اِس مسئلے پر تبصرے کا کوئی مطلب نہیں ہے۔