کانگریس امیدوار جیون ریڈی کی شاندار کامیابی پر رائے دہندوں سے اظہار تشکر: محمد علی شبیر
کاماریڈی : 27؍ مارچ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) قانون ساز کونسل کے رکن محمد علی شبیر نے کانگریس پارٹی آفس میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے گریجویٹ ایم ایل سی حلقہ کے امیدوار جیون ریڈی کی شاندار کامیابی پر رائے دہندوں سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ جیون ریڈی کی کامیابی سے ٹی آرایس کے سربراہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر رائو اور کار گذار صدر کے ٹی آر پر ایک طمانچہ ہے ۔ محمد علی شبیر نے کہا کہ یہ انتخابات کے نتائج سے یہ بات واضح ہوگئی کہ تعلیم یافتہ طبقہ چیف منسٹر کے خلاف ہے اور حکومت کے خلاف ہے انہوں نے کہا کہ متحدہ اضلاع نظام آباد ، عادل آباد ، کریم نگر ، میدک کے 7 پارلیمانی حلقہ کے 42 اراکین اسمبلی کے حلقہ کے رائے دہندوں نے حکومت کے خلاف فیصلہ دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر مسٹر چندر شیکھر رائو اپوزیشن کی آواز کو ختم کرنے کیلئے ایم ایل ایز کو خرید کر اپوزیشن کی آواز کو ختم کرنے کی کوشش کررہے ہیں اور ایسے وقت میں اپوزیشن کی آواز کو عوام نے طاقتور بنایا ۔ انہوں نے کہا کہ پرچہ نامزدگی کے روز گاندھی بھون میں واضح طور پر اعلان کیا گیا تھا کہ یہ انتخابات حکومت کیلئے ریفرنڈم ہے اور اس ریفرنڈم کو کے سی آر اور کے ٹی آرقبول کرتے ہوئے اپنی حرکتوں سے باز آجائیں ۔ انہوں نے کہا کہ عام انتخابات میں معمر افراد کو وظائف ، بیڑی مزدوروں کو وظائف ، رعیتو بندو ،ڈبل بیڈروم اور تین ہزار روپئے وظائف ، نوجوانوں کوبے روزگاری بھتہ و دیگر کئی اعلانات کیا تھا اور عوام نے ان پر بھروسہ کیا تھا لیکن انتخابات کے بعد اسے فراموش کرنے کی وجہ سے تعلیم یافتہ طبقہ چیف منسٹر کے خلاف اپنا فیصلہ دیا ہے ۔ محمد علی شبیر نے کہا کہ نہ صرف گریجویٹ بلکہ اساتذہ کی ایم ایل سی کے امیدوار چیف وہپ سدھاکر ریڈی بھی بری طرح شکست کھاچکے ہیں ۔ سدھاکر ریڈی چوتھے مقام پر رہے۔ اسی طرح نلگنڈہ میں بھی ٹی آرایس کی تائید کردہ ایم ایل سی امیدوار شکست کھاچکے ہیں ۔ انہو ں نے کہا کہ 70 فیصد رائے دہندوں نے کانگریس کے حق میں ووٹ دیا تو 30 فیصد رائے دہندوں نے مختلف پارٹیوں کو ووٹ دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے انتخابات میں ٹی آرایس کو اقتدار حوالے کیا تو کانگریس کو اپوزیشن کا رول ادا کرنے کا فیصلہ دیا تھا لیکن کے سی آر ، کے ٹی آر اپوزیشن کو ختم کرنے کیلئے اراکین اسمبلی کو خریدتے ہوئے ان کی آواز کودبوچ دیا جارہا ہے اور جیون ریڈی کونسل کیلئے منتخب ہوتے ہوئے عوام کی آواز سنانے میں کامیاب ہوں گے ۔