اپوزیشن کا کون بنے گا پی ایم کھیل ختم : مودی

بارہ بنکی۔ 30 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے اپوزیشن پر اپنے تنقیدی حملوں میں مزید شدت پیدا کرتے ہوئے آج کہا کہ لوک سبھا انتخابات کے چار مرحلوں کی تکمیل کے بعد حریف جماعتوں کے قائدین کی نیندیں حرام ہوگئی ہیں۔ مودی نے اترپردیش کے بارہ بنکی میں ایک انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’جو مہا ملاوٹ کرتے ہیں، اب ان کی نیندیں حرام ہوچکی ہیں‘۔ مودی اکثر اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد کو ’مہا ملاوٹ ‘ قرار دیتے ہوئے تنقید کا نشانہ بنایا کرتے ہیں۔ انہوں نے آج پھر کہا کہ ’اب سے پہلے اپوزیشن جماعتیں کون بنے گا پی ایم کا کھیل کھیل رہی تھیں ، لیکن اب چونکہ چار مرحلوں کی رائے دہی ہوچکی ہے چنانچہ وہ (اپوزیشن) آنکھ مچولی کا کھیل شروع ہوچکے ہیں۔