اپوزیشن کا اتحاد محض واہمہ: عمر عبداللہ

سری نگر۔/8 اگسٹ، ( سیاست ڈاٹ کام ) سابق چیف منسٹر جموںو کشمیر عمر عبداللہ نے 2019 کے عام انتخابات میں بی جے پی کی اقتدار پر واپسی کا اشارہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اپوزیشن اتحاد کی پُراسرار بات محض واہمہ ہے۔ انہوں نے ٹوئیٹر پر لکھا کہ اپوزیشن اتحاد کی بات باقاعدہ واضح ہوگئی ہے۔ مختصراً یہی ہے کہ 2019 میں بی جے پی کو مزید پانچ سال مل جائیں گے۔ نیشنل کانفرنس کے کارگذار صدر گجرات راجیہ سبھا چناؤ کی تبدیلیوں پر ردعمل ظاہر کررہے تھے جہاں کانگریس امیدوار اور صدر پارٹی سونیا گاندھی کے بااعتماد سکریٹری احمد پٹیل ایوان بالا کیلئے پانچویں میعاد حاصل کرنے تگ و دو کررہے ہیں۔ ’’ مجھے یاد نہیں کہ آخری مرتبہ کس وقت کوئی راجیہ سبھا الیکشن اس قدر توجہ والا معاملہ ہوگیا تھا۔ یہ الیکشن واقعی انتہائی سخت معلوم ہوتا ہے۔‘‘ عمر نے امید ظاہر کی کہ کانگریس میں ضرور ایسے لوگ ہیں جو جئے رام رمیش جیسے قائدین کی رائے کا نوٹ لیں جنہوں نے اعتراف کیا ہے کہ پارٹی بحران میں ہے۔ عمر نے کہا کہ جو کچھ بھی جئے رام نے کہا ہے اس پر غور و خوض کیا جائے گا ان کی باتوں کو مسترد کردینا کوتاہ نظری ہوگی۔ رمیش نے پی ٹی آئی کو انٹرویو میں کہا تھا کہ میری دانست میں کانگریس کو وجود کے بحران کا سامنا ہے، یہ انتخابی بحران کا معاملہ نہیں ہے۔ پارٹی واقعی گہرے بحران میں ہے۔