اپوزیشن پارٹیاں اناپرستی ترک کردیں: تیجسوی

لوک سبھا انتخابات میں ’دستور بچاؤ‘ مہم کے ساتھ بی جے پی کا مقابلہ ضروری
نئی دہلی ۔ /24 جون (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس کو چاہئیے کہ وہ اترپردیش اور بہار جیسی ریاستوں میں ’’ڈرائیونگ سیٹ‘‘ پر دیگر پارٹیوں کو بیٹھنے کی اجازت دیں ، جہاں وہ سب سے بڑی اپوزیشن پارٹی نہیں ہے ۔ آر جے ڈی لیڈر تیجسوی یادو نے زور دے کر کہا کہ سال 2019 ء میں بی جے پی کا مشترکہ مقابلہ کرنے کے لئے ضروری ہے کہ تمام اپوزیشن پارٹیاں انا پرستی ترک کردیں ۔ ’’دستور کو بچانے ‘‘ کے عزم کے ساتھ ہی اپوزیشن پارٹیوں کو اپنی ’’انا‘‘ کے دائرہ سے باہر آنا ہوگا ۔ وزارت عظمیٰ کے امیدوار کے مسئلہ سے زیادہ اپوزیشن پارٹیوں کو بی جے پی کا صفایا کرنے پر توجہ دینی ہوگی ۔ بہار اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور آر جے ڈی صدر لالو پرساد یادو کے چھوٹے فرزند تیجسوی نے کہا کہ میرے خیال سے وزارت عظمیٰ کے امیدوار کے بارے میں بات کرنا ایک ضمنی مسئلہ ہے کیوں کہ اس وقت ملک کو خطرات کا سامنا ہے ۔ دستور اور جمہوریت کو خطرات لاحق ہیں ۔ انہوں نے یو پی اے اول کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ انتخابات کے بعد جب منموہن سنگھ کو وزیراعظم بنانے کا فیصلہ کیا گیا تھا ، ان کے نکتہ نظر کی حمایت کی گئی تھی ۔ یادو جنہوں نے اعلان کیا ہے کہ اگر اپوزیشن پارٹیاں متحد ہوں تو کامیابی یقینی ہے اور 2019 ء کے انتخابات میں راست گاندھی ، امبیڈکر ، منڈل کا مقابلہ گاؤلکر گوڑسے سے ہوگا ۔