نئی دہلی۔ 4 جون ( سیاست ڈاٹ کام ) راہول گاندھی ہی کانگریس کی تنظیم جدید اور اس کے احیاء کی پوری ذمہ داری رکھتے ہیں تاہم پارٹی نے کہاکہ لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر بننے سے راہول گاندھی کا انکار حق بجانب ہے ۔ وہ اس اہم کاز کو انجام دینے سے گریز کررہے تھے ، جس پر کئی گوشوں سے تنقیدیں کی جارہی ہیں۔ پارٹی ترجمان ششی تھرور نے اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس پارٹی لوک سبھا میں صرف 44ا رکان پارلیمنٹ تک محدود نہیں ہے بلکہ یہ پارٹی گھروں کے اندر ، سڑکوں پر اور ملک کے ہر دیہات میں پائی جاتی ہے ۔ اس لئے پارٹی کی کارروائی کیلئے جہاں کہیں ضرورت ہوگی ہمیں وہاں پر موجود پائیں گے ۔
اگر راہول گاندھی جیسے کسی لیڈر کو لوک سبھا میں ذمہ داری قبول کرنے سے انکار کرتے دیکھا گیا ہے تو میں سمجھتا ہوں کہ ان کی پارلیمنٹ میں موجودگی ہی کافی ہے ۔ راہول گاندھی کو چاہے پارلیمنٹ ہو یا بدایوں ہر جگہ رہنا پڑتا ہے ۔ راہول ملک بھر میں پارٹی محاذ پر نمائندگی کرتے ہیں ۔ انھوں نے اس بات کی نشاندہی کی کہ کانگریس صرف پارلیمنٹ تک محدود نہیں ہے بلکہ اس کی جدوجہد ملک بھر میں جاری رہتی ہے ۔ ششی تھرور نے کہا کہ بدایوں جیسے مقامات تک پہونچنا راہول گاندھی کی ذمہ داری ہے ۔ کانگریس کے مستقبل کے نوجوان چہرہ کی حیثیت سے انھوں نے خود کو سرگرم رکھا ہے ۔ اس قوم کو نوجوان قدموں کی ہی ضرورت ہے ۔ کانگریس پارٹی کی تنظیم جدید اور اس کے احیاء کیلئے راہول سرگرم ہے۔