نارائن پیٹ۔ 31 مئی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) زیارت قبور سے دل نرم ہوتے ہیں، دنیا سے بے رغبتی پیدا ہوتی ہے اور آخرت کی یاد آتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار مولانا سید شاہ عارف الہ بادشاہ قادری نعمانی (موظف پرنسپل مسعودیہ عربک ہائی اسکول ادونی) نے مکہ مسجد ، نارائن پیٹ میں منعقدہ جلسہ کو مخاطب کرتے ہوئے کیا جو حضرت سید شاہ شہاب الدین احمد قادری المعروف سید شاہ احمد باشاہ قادری ؒ (ادونی) کی 30 ویں سالانہ فاتحہ کے ضمن میں منعقد کیا گیا تھا۔ اس جلسہ کی صدارت مولانا سید شاہ غیاث الدین قادری سجادہ نشین درگاہ تقی بابا ؒ نے کی جبکہ نگرانی حافظ و قاری محمد عبدالقیوم خطیب و امام مکہ مسجد نے کی۔ مولانا عارف نعمانی نے اپنے خطاب میں کہا کہ قبروں کی زیارت کے جواز میں کئی احادیث موجود ہیں جن میں مسلم شریف کی ایک حدیث کہ حضورؐ نے صحابہ کرام سے ارشاد فرمایا کہ پہلے میں نے تمہیں زیارت قبور سے روکا تھا اور اب اس کی اجازت دیتا ہوں۔ حضور اکرمؐ خود بھی ہر سال شہدائے اُحد کے مزارات کی زیارت کیا کرتے ہیں اور جنت البقیع بھی تشریف لے جاتے۔ نہ صرف یہ بلکہ صحابہ کرام اور خلفائے راشدین سے بھی زیارت قبور کا جواز فراہم ہوتا ہے۔ مولانا نے تلقین کی کہ اپنے مرحومین کے قبروں کی پابندی سے زیارت کیا کریں۔ اس سے مرحومین کو راحت و فرحت ملتی ہے۔ اس موقع پر مقامی ائمہ کرام، حفاظ قرآن، مریدین و معتقدین اور عامتہ المسلمین کی کثیر تعداد شریک تھے۔ جلسہ کے اختتام پر تناول طعام کا اہتمام کیا گیا تھا۔