اپنے بل بوتے پر شیو سینا کا وزیر اعلیٰ نا ممکن،اتحاد ضروری: اٹھاولے

اورنگ آباد 28جون (سیاست ڈاٹ کام ) آئندہ انتخابات میں مہاراشٹر میں شیو سینا کا خود کے بل پر وزیر اعلیٰ بننا نا ممکن ہے ۔ اسے اقتدار حاصل کرنے کے لیے بی جے پی اور رپبلکن پارٹی آف انڈیا (آر پی آئی) کے ساتھ اتحاد کرنا ناگزیر ہے ۔اس لیے شیو سینا کوچاہئے کہ وہ اس بات پر غور کرے ۔اس طرح کا مشورہ آج یہاں مرکزی وزیرِ مملکت برائے سماجی انصاف رام داس اٹھاولے نے دیا۔ آج دوپہر صوبیداری گیسٹ ہاؤس میں ایک پریس کانفرنس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شیو سینا کا مہاراشٹر میں اقتدار کا خواب اسی وقت پورا ہو سکتا ہے جب وہ اتحاد کی بات کرے .اس موقع پر شیو سینا کو راعب کرنے کیلئے انہوںنے ایک فارمولا بھی پیش کیا کہ جس پارٹی کے زیادہ ارکان اسمبلی ہونگے ابتدائی ڈھائی سال اسکا وزیر اعلیٰ ہوگا اور بعد کے ڈھائی سال دوسری پارٹی کا ہوگا ۔