اپنی سرزمین ایران کے خلاف جنگ میں استعمال نہیں ہونے دیں گے: قطر

دبئی۔4 جون ( سیاست ڈاٹ کام ) قطر کے وزیر دفاع نے خطے میں ایران کی بڑھتی مداخلت کو نظر انداز کرتے ہوئے تہران کا دفاع کیا ہے۔العربیہ کے مطابق سنگا پور میں بین الاقوامی سیکیورٹی کانفرنس سے خطاب میں قطری وزیر دفاع خالد العطیہ نے کہا کہ ان کا ملک ایران کے ساتھ کسی محاذ آرائی کا حصہ نہیں بنے گا۔ انہوں نے ایران اورعالمی طاقتوں میں طے جوہری سمجھوتے کا دفاع کیا اور اسے برقرار رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔اس موقع پر جب ان سے پوچھا گیا کہ اگر امریکہ اور ایران کے درمیان جنگ چھڑتی ہے تو اس میں قطر کا کیا کردار ہوگا کیوں امریکہ کا ایک بڑا فوجی اڈہ قطر میں بھی موجود ہے؟ اس پر انہوں نے کہا کہ قطر کسی صورت میں ایران کو نشانہ بنانے میں کسی ملک کی مدد نہیں کریگا۔خالد العطیہ کا کہنا تھا کہ دوحہ تہران اور عالمی طاقتوں کے درمیان قربت پیدا کرنے کی کوشش کررہا ہے۔ ہم ایران کے ساتھ کسی محاذ آرائی کا حصہ ہرگز نہیں بنیں گے اور نہ قطر کے فوجی اڈوں کو ایران کے خلاف استعمال کرنے کی اجازت دیں گے۔انہوں نے کہا کہ خطے میں کوئی تیسری قوت ایران اور امریکہ کو جنگ کی طرف لے جانے کی کوشش کرے گی تو اس کے سنگین خطرات سامنے آئیں گے۔قطری وزیر دفاع نے ایران اور اس کی پالیسیوں کا دفاع کرتے ہوئے خطے کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی تہران کی حکمت عملی کو مکمل طور پر نظر انداز کر دیا۔ ایران اور عالمی طاقتوں کے درمیان سمجھوتے کے بارے میں خالد العطیہ کا کہنا تھا کہ اس معاہدے کو ہرصورت میں برقرار رہنا چاہیے۔