اپنی حد میں رہو، خاتون اینکر کو بابر اعظم کا جواب

دبئی ۔26 نومبر (سیاست ڈاٹ کام ) خاتون ٹی وی اینکر نے پاکستا ن کے مڈل آرڈر بیٹسمین بابر اعظم کو سنچری بنانے پر مبارکباد دی اور ساتھ ہی انہیں مکی آرتھر کا ’بیٹا‘ بول دیا جس پر بابر اعظم نے ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ’’بولنے سے پہلے سوچو اور اپنی حد میں رہو‘‘۔ دبئی ٹسٹ میں بابر اعظم نے نیوزی لینڈ کے خلاف کیرئیرکی اولین سنچری اسکور کی، انہوں نے مشکل وقت میں بیٹنگ کرتے ہوئے 127 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ جہاں بابر اعظم کی اننگز کی تعریفیں ہوئیں وہیں پاکستانی اینکر نے سوشل میڈیا پر بابر اعظم پر طنز کیا اور انہوں نے لکھا کہ مکی آرتھر کو مبارک باد آج ان کے بیٹے نے سنچری بنائی ہے۔ بابر اعظم نے اینکر کے اس بیان پر سخت لہجہ اپناتے ہوئے جواباً کہا کہ بات کرنے سے پہلے سوچو کہ کیا کہہ رہی ہو اور اپنی حد میں رہو۔