ناٹل۔ 23؍جون (سیاست ڈاٹ کام)۔ چار مرتبہ کی عالمی چمپئن اٹلی کی ٹیم برازیل میں رواں فیفا ورلڈ کپ 2014ء میں جدوجہد میں مصروف ہے اور کل اسے یوروگوائے کے خلاف کھیلے جانے والے مقابلہ میں ’کرو یا مرو‘ صورتِ حال کا سامنا ہے اور اٹلی کی ٹیم کوشاں ہے کہ وہ اس مقابلہ میں کامیابی حاصل کرتے ہوئے خود کو ورلڈ کپ سے شرمناک اخراج سے محفوظ رکھے۔ کل کھیلے جانے والے مقابلہ میں اٹلی کو کامیابی حاصل کرنا ضروری ہے، کیونکہ چار برس قبل ہوئی شرمناک شکست کی طرح اس مرتبہ بھی اسے پہلے ہی راؤنڈ سے باہر ہونا پڑے گا۔ ازوری کی ٹیم جس نے کوسٹاریکا کے خلاف 1-0 کی شکست برداشت کی ہے، وہ یہاں کے گرم موسم اور سخت حالات سے خود کو ہم آہنگ نہیں کرپائی ہے۔ کیپٹن گین لوگی بوفن نے کہا ہے کہ ہم آج یہاں کی ٹریننگ کے بعد موسمی حالات کا جائزہ لیں گے کہ کل مقابلہ میں ہمیں کس طرح کے حالات کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔ ایک اور مقابلہ میں کوسٹاریکا انگلینڈ کے خلاف کامیابی حاصل کرتے ہوئے گروپ میں پہلا مقام حاصل کرنے کے لئے کوشاں ہے۔