اٹالین اوپن ٹینس ، راجر فیڈرر اور جوکووچ سیمی فائنل میں پہنچ گئے

روم ۔16 مئی۔(سیاست ڈاٹ کام) ٹینس اسٹار راجر فیڈرر اور نوواک جوکووچ نے اٹالین اوپن ٹینس ٹورنمنٹ کے سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا۔ روم میں جاری اے ٹی پی ٹینس ایونٹ کے کوارٹر فائنل مرحلے میں دلچسپ مقابلے دیکھنے کو ملے۔ پہلے میچ میں عالمی نمبر دو راجر فیڈرر اور جمہوریہ چیک کے تھومس برڈیچ آمنے سامنے ہوئے ، راجر فیڈرر نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کر تے ہوئے حریف کھلاڑی کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 6-3، 6-3 سے شکست دی۔ سیمی فائنل میں سوئس سٹار راجر فیڈرر کا مقابلہ ہم وطن کھلاڑی اسٹان واورینکا سے ہوگا۔ دوسرے کھیلے گئے میچ میں عالمی نمبر ایک نوواک جوکووچ نے جاپانی حریف کی نیشیکوری کو کانٹے کے مقابلے میں 6-3، 3-6اور 6-1 سے شکست دی ۔ ایک اور میچ میںا سپین کے ڈیوڈ فیرر نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد سیمی فائنل میں جگہ بنائی۔