آہک پاشی کیلئے ضلع عادل آباد کی 260 مساجد کی نشاندہی

عادل آباد 26 جولائی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع عادل آباد کی 260 مساجد کی نشاندہی کرتے ہوئے ان مساجد و عیدگاہوں کی آہک پاشی، ابتدائی تعمیر و مرمت کی خاطر ریاستی حکومت کی جانب سے 50 لاکھ روپئے منظور کئے گئے۔ یہ بات ڈسٹرکٹ میناریٹی ویلفیر آفیسر مسٹر ایم اے غفار نے بتائی اور کہاکہ مساجد کمیٹی کے ذمہ داروں کو ایک تحریری مراسلہ کے ذریعہ فی مسجد 20 ہزار روپئے منظوری کی اطلاع ضلع وقف کمیٹی انسپکٹر مسٹر سید ابراہیم کے ذریعہ روانہ کی جارہی ہے۔ ریاستی وزیر مسٹر جوگو رامنا کی خصوصی دلچسپی کے پیش نظر ضلع عادل آباد کو 50 لاکھ روپئے منظور کئے گئے ہیں۔ قبل ازصرف 9 لاکھ روپئے منظور کئے گئے تھے۔ جس کے پیش نظر اسٹیٹ سکریٹری اقلیتی بہبود مسٹر احمد ندیم نے 14 جولائی کو ضلع کلکٹر مسٹر جگن موہن سے فون پر بات کرتے ہوئے ضلع عادل آباد کی مساجد کی مزید نشاندہی کرنے کی ہدایت دی تھی۔ مسٹر ایم اے غفار، مسٹر سید ابراہیم دو دن میں تمام تفصیلات فراہم کرتے ہوئے اسٹیٹ سکریٹری اقلیتی بہبود کو بذریعہ فیاکس اطلاع فراہم کرچکے تھے۔ واضح رہے کہ چیف منسٹر مسٹر کے چندرشیکھر راؤ نے ریاست تلنگانہ کی مساجد، عیدگاہوں کی مرمت و تزئین کی خاطر 2.79 کروڑ روپئے جاری کئے تھے۔ جس میں دیگر اضلاع کو فی کس 30 لاکھ روپئے اور عادل آباد کو 9 لاکھ روپئے منظور ہوچکے ہیں جس کو ناکافی تصور کرتے ہوئے سابق ضلع کلکٹر مسٹر احمد ندیم نے جہاں اپنی خصوصی دلچسپی کا مظاہرہ کیا وہیں دوسری طرف ریاستی وزیر جوگو رامنا کی مؤثر نمائندگی پر ضلع عادل آباد کو 50 لاکھ روپیوں کی منظوری حاصل ہوئی۔ حکومت سے رقم حاصل ہوتے ہی مساجد کو رقم جاری کی جائے گی۔