آٹھ کیلو سونے کی سارق نقلی پولیس ٹولی گرفتار

حیدرآباد ۔ 18 اکٹوبر (سیاست نیوز) سٹی پولیس نے پولیس کے بھیس میں ایک تاجر سے 8 کیلو سونے کے زیورات کا سرقہ کرنے والی نقلی پولیس کی ٹولی کو بے نقاب کردیا۔ اس سنسنی خیز ڈکیتی کی واردات میں ملوث افراد کی گرفتاری کے ساتھ پولیس نے مسروقہ اشیاء کو بھی ضبط کرلیا۔ کمشنر پولیس مسٹر مہیندر ریڈی نے آج ایک پریس کانفرنس کے دوران گرفتار افراد اور سرقہ کی تفصیلات کو پیش کیا۔ انہوں نے بتایا کہ 27 سالہ اظہر محی الدین عرف یامن کنوینر تلنگانہ اسٹیٹ ہیومن رائٹس آرگنائزیشن ، 21 سالہ کے سائی کرن، 23 سالہ شیخ فیروز عرف فیروز ساکنان دینابندھو کالونی جگت گیری گٹہ کے علاوہ راتھوڑ پرتاپ سنگھ عرف لڈو 24 سالہ طالب علم بی ٹیک سال آخر وی بی آئی ٹی گھٹکیسر اور 22 سالہ راہول عرف ٹنکو کمپیوٹر آپریٹر سورج بھان جیولرس عابڈس کو گرفتار کرلیا۔ اس ٹولی نے خود کو پولیس ذرائع کرتے ہوئے ممبئی کے ایک تاجر سے 8 کیلو سونا کا سرقہ کرلیا تھا۔ شکایت گذار جتن پرتاپ کپاڈیہ جو ایم وی ایس جویلرس پرائیویٹ لمیٹیڈ سے وابستہ تھا۔ اکثر کاروبار کے سلسلہ میں شہر آیا کرتا تھا۔ بشیرباغ کے علاقہ میں واقع ایک معروف سونے کے تاجر کی دکان پر وہ کاروبار کے سلسلہ میں آتا جاتا تھا۔ (سلسلہ صفحہ 14 پر)
سرقہ 12 اکٹوبر کی رات پیش آیا جبکہ سرقہ سے تین دن پہلے سے یہ ٹولی اس تاجر پر نظر رکھی ہوئی تھی اور مسلسل اس کی نقل و حرکت کا مشاہدہ کررہی تھی۔ اس تاجر کی نشاندہی کروانے اور اس کی تفصیلات فراہم کرنے میں بشیرباغ کی زیورات کی دکان کے ایک ملازم نے اس ٹولی کی مدد کی۔ پولیس کمشنر نے بتایا کہ لکڑی کا پل پر واقع ایچ پی پٹرول پمپ پر نصب شدہ سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعہ ڈکیتی کی اس واردات کو بڑی کامیابی کے ساتھ حل کرلیا گیا اور سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے خاطیوں کی نشاندہی کے بعد گرفتاری عمل میں آئی ہے۔ سٹی پولیس کمشنر نے ان خاطیوں کو گرفتار کرنے کیلئے تشکیل کردہ 6 خصوصی ٹیموں کی کارکردگی کی ستائش کی اور شہریوں کو مشورہ دیا کہ ہر کاروباری ادارہ جات میں سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب عمل میں لائیں۔