آن لائن لاٹری کا دھوکہ ، دو نائجرین گرفتار

حیدرآباد ۔ /29 اپریل (سیاست نیوز) آندھراپردیش سی آئی ڈی کے سائبر کرائم ونگ نے آن لائن لیاٹری دھوکہ دہی میں ملوث دو نائجیرین باشندوں کو گرفتار کرلیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ چتور سے تعلق رکھنے والے چنا بینگری شنکر ریڈی نے سائبر کرائم پولیس سے شکایت درج کروائی جس میں یہ بتایا کہ آن لائن لاٹری جیتنے کی اطلاع دیتے ہوئے نامعلوم افراد نے ان سے 7.5 لاکھ روپئے ہڑپ لئے ۔ سائبر کرائم نے اس سلسلے میں مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کیا تھا اور سائبر کرائم کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کانتی رتن ٹاٹا کی زیرقیادت ٹیم نے دو نائجیرین باشندوں ایمانیول فیرلیس اگابا اور اس کے ساتھی جان کو گرفتار کرلیا ۔ تفتیش کے دوران مذکورہ نائجیرین باشندوں نے اقبال جرم کیا کہ وہ اپنے ساتھی نائجیرین باشندوں کی مدد سے ہندوستان میں کئی نامعلوم افراد کو بذریعہ ایس ایم ایس آن لائین لاٹری ، ایوارڈ اور انعام جیتنے کی اطلاع فراہم کیا کرتے تھے ۔ بعد ازاں انہیں بذریعہ فون انعام حاصل کرنے کیلئے پراسیسنگ فیس اور کسٹمز ڈیوٹی کے نام پر لاکھوں روپئے بے نامی بینک کھاتوں میں منتقل کروایا کرتے تھے اور بعد ازاں اس رقم کو ہڑپ لیتے ۔ سی آئی ڈی کی سائبر کرائم پولیس نے گرفتار نائجیرین باشندوں کے قبضے سے دو لیپ ٹاپ ، موبائیل فونس ، سیم کارڈس اور دیگر اشیاء برآمد کرتے ہوئے انہیں عدالت میں پیش کرکے جیل منتقل کردیا ۔ سائبر کرائم پولیس نے عوام کو یہ آگاہ کیا ہے کہ نامعلوم افراد کی جانب سے لاٹری یا انعام کا جھانسہ دے کر دھوکہ دینے والی ٹولیوں سے ہوشیار باش رہیں ۔