آنجہانی اندرا گاندھی کی 32 ویں برسی پر قوم کا خراج عقیدت

صدر، نائب صدر، وزیراعظم اور کانگریسی قائدین شامل، بی جے پی قائدین کا پٹیل کو بھی خراج
نئی دہلی۔31 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) صدر جمہوریہ پرنب مکرجی، نائب صدر حامد انصاری اور سابق وزیراعظم منموہن سنگھ، نائب صدر کانگریس راہول گاندھی نے 24 اکبر روڈ سے نمبر ایک صفدر جنگ روڈ تک جلوس نکالا  جہاں پر آنجہانی وزیراعظم کا قتل ہوا تھا۔ جن اہم شخصیات نے کل مذہبی دعائیہ اجتماع میں شرکت کی ان میں مرکزی حکومت کی جانب سے کسی نے بھی شرکت نہیں کی۔ سینئر قائد آنند شرما نے مودی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اندرا گاندھی کی یاد اور ملک کے لئے جان کی قربانی کی دانستہ طور پر مودی حکومت کی جانب سے توہین کی جارہی ہے۔ انہوں نے اندرا گاندھی کو ہندوستان کی سب سے قدآور قائد اور مقبول وزیراعظم قرار دیا جنہوں نے ملک کے لئے اپنی جان کی قربانی دی تھی۔ خراج عقیدت پیش کرنے والوں میں غلام نبی آزاد، شرما، کماری شیلجا، احمد پٹیل اور رندیپ سرجے والا شامل تھے۔ نائب صدر کانگریس راہول گاندھی نے کانگریس ہیڈ کوارٹرس سے اندرا گاندھی کی یادگار تک راستہ کو سجایا تھا۔ قبل ازیں پارٹی نے شکستی استھل پر یادگاری پروگرام منسوخ کردیا کیوں کہ یہ مقام بتخوں کی موت اور برڈ فلو کے خوف کی وجہ سے کئی دنوں سے بند ہے۔ وزیراعظم نریندر مودی نے آج سردار ولبھ بھائی پٹیل کو ان کی یوم پیدائش پر خراج عیقدت پیش کیا اور کہا کہ پٹیل نے ہندوستان کو متحد کرنے اور امدادِ باہمی تحریک کے لئے جو کردار ادا کیا ہے وہ قابل ستائش ہے۔ انہوں نے پٹیل چوک میں ان کے مجسمہ کی گلپوشی بھی کی۔ بعدازاں دن میں انہوں نے پٹیل کا یادگاری ٹکٹ بھی جاری کیا۔ علاوہ ازیں انتظامیہ کے ساتھ ایکتا کا عہد کیا اور اتحاد دوڑ کو جھنڈی دکھاکر روانہ کیا۔ گزشتہ سال حکومت نے فیصلہ کیا تھا کہ پٹیل کا یوم پیدائش یکتا دیوس کے طور پر منایا جائیگا۔ 6 نومبر تک ملک گیر سطح پر ہندوستان کو متحد کرنے کے لئے پٹیل کی کوششوں کے بارے میں مختلف پروگرام منعقد کئے جائیں گے جن میں عام جلسے اور پھول چڑھاکر ان کو خراج عقیدت پیش کرنا شامل ہوں گے۔ اس سلسلہ میں مرکزی وزراء ملک کے گوشے گوشے کا دورہ کریں گے۔ دریں اثناء  وزیراعظم نریندر مودی نے سابق وزیراعظم آنجہانی اندراگاندھی کو آج ان کے 32 ویں برسی پر خراج عقیدت پیش کیا۔مسٹر مودی نے ٹوئٹ کیا کہ محترمہ اندرا گاندھی کو ان کی برسی پر خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔ 31 اکٹوبر 1984 کو اندرا گاندھی کے محافظوں نے گولی مار کر قتل کردیا تھا۔ ان کے باڈی گارڈس کی یہ کارروائی سنہری گردوارہ امرتسر میں فوجی کارروائی ’’آپریشن بلیو اسٹار‘‘ کا اندرا گاندھی کی جانب سے حکم دینے کی انتقامی کارروائی تھی۔ وہ ملک کی پہلی خاتون وزیراعظم تھیں۔ اندرا گاندھی ملک کے اولین وزیراعظم پنڈت جواہر لال نہرو کے بعد ایسی دوسری وزیراعظم تھیں جو سب سے زیادہ عرصے تک اس عہدے پر فائز رہیں۔ وہ جنوری 1966 سے مارچ 1977 اور اس کے بعد 14 جنوری 1980 سے اپنی زندگی کے آخری وقت تک اس عہدے پر فائز رہیں ۔