آلودہ پانی کے استعمال سے طالبات بیمار

3 کی حالت تشویشناک، اقامتی اسکول کمراویلی میں لاپرواہی

مدور 4 ستمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کمراویلی ٹاؤن میں واقع کستوربا گاندھی اقامتی ہاسٹل میں مقیم 12 طالبات گزشتہ 2 دنوں سے اچانک کھانسی و زکام سے شدید متاثر ہوکر سدی پیٹ و نیلوفر دواخانہ حیدرآباد میں زیرعلاج ہیں۔ پرنسپل شاردا کے بموجب ساتویں، آٹھویں اور نویں جماعت میں زیرتعلیم 12 طالبات دو روز سے مسلسل شدید کھانسی سے متاثر ہوکر کمراویلی کے مقامی دواخانے میں شریک کروایا گیا تھا۔ تاہم کھانسی کم نہ ہونے کے سبب سدی پیٹ کے دواخانہ میں منتقل کیا گیا جہاں حالت کے بگڑنے کے باعث حیدرآباد کے نیلوفر دواخانہ کو منتقل کیا گیا۔ امبیکا، بھانو، شراونتی نامی ساتویں جماعت کی طالبات ہنوز تشویشناک حالت میں نیلوفر دواخانہ میں زیرعلاج ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ اقامتی ہاسٹل کستوربا کمراویلی کے عقب میں موجود گہرے گڑھے میں حالیہ برسات کا پانی وافر مقدار میں جمع ہوکر لبریز ہوجانے کے باعث پانی کی بھاری مقدار اقامتی ہاسٹل کے سمپ میں منتقل ہورہا ہے۔ جس کو استعمال کرنے کے سبب طالبات شدید طور پر متاثر ہوکر شدید زکام و کھانسی کی شکایت کرنے لگے۔ رکن اسمبلی جنگاؤں متی ریڈی یادگیری ریڈی نے اطلاع پاکر بی وینکٹیشور وہپ قانون ساز کونسل کے ہمراہ نیلوفر دواخانہ کا دورہ کرتے ہوئے متاثرہ طالبات کی عیادت کی۔ نیز کمراویلی و چیریال و سدی پیٹ کے دواخانوں میں زیرعلاج طالبات کے متعلق متعلقہ طبی حکام سے واقفیت حاصل کی۔ اس موقع پر متاثرہ طالبات کے علاوہ اقامتی ہاسٹل میں مقیم تمام طالبات کو زندہ طلسمات کا نسخہ استعمال کرنے اپنے اخراجات پر ایک ہزار زندہ طلسمات کی بوتلیں فراہم کرنے کا اعلان کیا۔